سعودی عرب عالم اسلام کا حقیقی قائد ہے ،حرمین شریفین دنیا بھر کے مسلمانوں کی محبت و عقیدت کا مرکز ہیں ‘ سینیٹر سراج الحق

پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے ،سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری پاکستان کے بہترین سفیر ہیں

ہفتہ 4 جولائی 2015 22:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سعودی عرب عالم اسلام کا حقیقی قائد ہے ،حرمین شریفین دنیا بھر کے مسلمانوں کی محبت و عقیدت کا مرکز ہیں ،سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری پاکستان کے بہترین سفیر ہیں ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل منصورہ سے جاری کردہ پریس ریلز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی خواتین کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں بدامنی ہے اورقانون کی حکمرانی کا تصورنہیں ہے ،سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی شہری قانون کا احترام کرتے ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا فرض ہے کہ وہ قانون کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی کے تصور کو پاکستان میں بھی رائج کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے ،دونوں برادر اسلامی ممالک میں محبت و عقیدت اور اسلام کا نہ مٹنے والا رشتہ ہے ۔

سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کافرض ہے کہ وہ سعودی عرب میں اپنی ساکھ محنت اور جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کریں اور پاکستان کے سفیرکا کردار ادا کریں ۔