بعض جعل ساز فیسکو کی آسامیوں پر بھرتی کیلئے جعلی کال لیٹر امیدواروں کو جاری کر کے پیسے بٹور رہے ہیں‘امیدوار ہوشیار رہیں‘ فیسکو ترجمان

ہفتہ 4 جولائی 2015 22:38

فیصل آباد۔4جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)فیسکو ترجمان طاہر شیخ نے کہا ہے کہ فیسکو انتظامیہ کے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ بعض جعل ساز اور ٹھگ اپنی چالاکی اور ہوشیاری استعمال کرتے ہوئے فیسکو کی آسامیوں پر بھرتی کیلئے جعلی کال لیٹر امیدواروں کو جاری کر کے پیسے بٹور رہے ہیں اور بھرتی کا جھانسہ بھی دیا جا رہا ہے ۔ فیسکو نے گریڈ 5تا17کی مختلف آسامیوں جن میں جونیئرانجینئر/ایس ڈی او (آپریشن)، اسسٹنٹ منیجر( سی ایس)/ریونیو آفیسر، اسسٹنٹ منیجر (ایم ایم)/فیلڈ سٹور منیجر،ایل ایس ون، ایس ایس او ون، ایل ایس ٹو، ایس ایس او ٹو، لیب اسسٹنٹ، فٹر ون، فٹر ٹو، ایس ایس اے، ویلڈر، ٹریسر، اے ایس ایس اے، ڈیٹا انٹری آپریٹر، ڈیٹا کوڈر، اکاؤنٹس اسسٹنٹ، آڈٹ اسسٹنٹ، بل ڈسٹری بیوٹر ،کمر شل اسسٹنٹ ،سروئیر، میٹر ریڈر ،ایل ڈی سی /ٹی سی سی ،لاری ڈرائیوراور سیکورٹی گارڈ شامل ہیں کیلئے تھرڈ پارٹی نیشنل ٹیسٹنگ سروسز (NTS)سے معاہدے کے تحت ٹیسٹ منعقد کروائے تھے۔

(جاری ہے)

فیسکو انتظامیہ نتائج مرتب کرنے کے بعدمحکمانہ قوانین کے تحت امیدواروں کو کال لیٹر جاری کر کے انٹرویوکرے گی ۔ انٹرویو لینے کے مرحلے میں این ٹی ایس کا کوئی عمل دخل نہیں ہے ۔ اس وقت تک فیسکو کی طرف سے کسی بھی امیدوار کو انٹرویوکاکوئی کال لیٹر جاری نہیں کیا گیا ہے ۔لہذا امیدوار جعل ساز اور دھوکہ باز اشخاص سے بچیں اور پیسے دینے سے باز رہیں۔

اگر کوئی فیسکواہلکار کسی بھی امیدوار سے بھرتی یا کال لیٹر جاری کرنے کیلئے پیسے طلب کرے تو اس کی فوری اطلاع فیسکو کے فوکل پرسن چیف انجینئر ٹیکنیکل سروسز ہارون الرشید فیسکو ہیڈکوارٹرزویسٹ کینال روڈ عبداللہ پورفیصل آباد کو فون نمبر 041-9220232پر زبانی یابذریعہ ای میل [email protected]پریا تحریری طور پر بمعہ دستاویزی ثبوت بذریعہ ڈاک یا ذاتی طور پر دیں۔ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی فوری عمل میں لائی جائے گی ۔اہل امیدواروں کو صرف فیسکو کے مجاز آفس ہی انٹرویو کے کال لیٹر زجاری کریں گے ۔ عوام الناس کسی ٹھگ،نوسرباز کے جھانسے میں نہ آئیں بصورت دیگر وہ کسی بھی قسم کے نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے اور محکمہ فیسکو کی کوئی ذمہ داری نہ ہو گی ۔