موجودہ حکومت جدید بنیادی سہولتوں کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے مشن پر گامزن ہے‘حاجی اکرم انصاری

ہفتہ 4 جولائی 2015 22:38

فیصل آباد۔4جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)موجودہ حکومت جدید بنیادی سہولتوں کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے مشن پر گامزن ہے اس سلسلے میں پہلے سے دستیاب سہولتوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے اور سوئی گیس کی وسیع پائپ لائن کی بدولت حلقہ کی بیشتر آبادیوں کو گیس کے کم پریشر کی شکایت دور ہوگی۔یہ بات چےئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈورکس حاجی محمداکرم انصاری نے 6کروڑ روپے کی لاگت سے نڑوالا روڈمرضی پورہ سے اے بی سی سینما چوک الیاس پارک تک 10انچ موٹی گیس پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل ہونے کے بعد سوئی گیس کا شعلہ جلا کر پریشر بڑھانے کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

ایم پی اے محمدنواز ملک،سابق ایم پی اے خواجہ محمداسلام،محمدارشدنازاور حلقہ کے دیگر کارکنوں کے علاوہ عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

حاجی اکرم انصاری نے کہا کہ حلقہ این اے 85میں بہت سی آبادیاں ایسی تھیں جہاں گیس کے کم پریشر کا مسئلہ درپیش تھاجس کے حل کے لئے موثر اقدامات کئے گئے اور سوئی گیس پائپ لائن کی بدولت بڑی آبادیوں کو گیس کی کمی کامسئلہ دور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ کو ہر لحاظ سے ترقی یافتہ بنانا ان کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے اورلوگوں کو تعلیم،صحت،مواصلات سمیت دیگر شعبوں میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام سے کئے ہوئے ایک، ایک وعدہ کو پورا کیا جارہا ہے اورآئندہ تین سالوں میں کوئی گلی،محلہ اورعلاقہ بنیادی سہولتوں سے محروم نہیں رہے گا۔حاجی اکرم انصاری نے بتایا کہ حلقہ میں کھیلوں کی تعمیر وترقی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں اور 15کروڑ روپے سے کلیم شہید پارک میں جمنیزیم قائم کیا جارہا ہے جہاں 22 مختلف کھیلوں کی سہولیات میسر ہوں گی اور اس منصوبے کا افتتاح عنقریب کردیا جائے گا۔

ایم پی اے محمدنواز ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی قیادت میں حکومت پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کے تحت علاقائی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور سوئی گیس کے پریشر میں اضافہ کے لئے خطیر فنڈز سے پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کیا گیا ہے جس سے عوام کی مشکلات کا ازالہ ہوگا۔سابق ایم پی اے خواجہ محمداسلام نے کہا کہ ایم این اے حاجی اکرم انصاری علاقہ کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور سوئی گیس کے پریشر میں اضافہ کے لئے خطیر فنڈز کی فراہمی ان کی کوششوں کا نتیجہ ہے ۔

اس موقع پر اہل علاقہ نے سوئی گیس کے پریشر کو بڑھانے کے لئے پائپ لائن بچھانے کاکام مکمل ہونے پر ایم این اے حاجی اکرم انصاری اور ایم پی اے محمدنواز ملک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سوئی گیس میں کمی کے باعث مشکلات کا سامنا تھا لیکن منتخب نمائندوں نے ان کے مسائل کا ازالہ کردیاہے جس کے لئے وہ ان کے بے حد مشکور ہیں۔