آسٹریلوی فاسٹ بولر رائن ہیرس کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

گھٹنے کی چوٹ کی انجری کے باعث ریٹائر ہونے ہیرس کی ایشز سیریز سے قبل ریٹائرمنٹ کینگروز کیلئے بڑا دھچکا ، پیٹ کمنز کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا 27 ٹیسٹ میچوں میں 113 وکٹیں ، 21 ایک روزہ میچوں میں 44 وکٹیں حاصل کیں، نصف سے زیادہ وکٹیں انھوں نے انگلینڈ کے خلاف حاصل کیں

ہفتہ 4 جولائی 2015 22:04

آسٹریلوی فاسٹ بولر رائن ہیرس کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)آسٹریلوی فاسٹ بولر رائن ہیرس نے گھٹنے میں چوٹ کے باعث بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ رائن ہیرس کی غیر موجودگی ایشز سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم کے لیے ایک بڑا نقصان ہے ٹیم میں ان کی جگہ پیٹ کمنز نے لی ہے۔35 سالہ رائن ہیرس 8 جولائی کو شروع ہونے والی ایشز سیریز کے سلسلے میں ایسیکس خلاف وارم اپ میچ میں شرکت نہیں سکے تھے۔

گذشتہ سال رائن ہیرس کو اپنے گھٹنے کی سرجری کروانی پڑی تھی۔ انھوں نے بارہ ایشز ٹیسٹ میچوں میں 20.63 کی اوسط سے 57 وکٹیں لیں ہیں۔رائن ہیرس کو اپنے کیریئر میں انجری کے مسائل کا سامنا رہا ہے۔ ایشز کیلیے برطانیہ پہنچنے سے قبل وہ آسٹریلیا کے دورہِ ویسٹ انڈیز میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔

(جاری ہے)

۔رائن ہیرس نے 2010 میں آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔

انھوں نے 27 ٹیسٹ میچوں میں 113 وکٹیں جبکہ 21 ایک روزہ میچوں میں 44 وکٹیں حاصل کیں۔ان میں سے نصف سے زیادہ وکٹیں انھوں نے انگلینڈ کے خلاف حاصل کیں تھیں اور ایشز سیریز ان کے لیے اہم ہوتی ہے۔ 2013/14 کی ایشز سیریز میں جب آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پانچ صفر سے شکست دی تھی تو وہ اس بولنگ اٹیک کا اہم حصہ تھے اور انھوں نے 22 وکٹیں لیں تھیں۔ان کی غیر موجودگی میں آسٹریلیا کی بولنگ کا آغاز یقیناً مچل جانسن اور مچل سٹارک کیا کریں گے اور تیسرے نمبر پر جاش ہیزل وڈ جبکہ پیٹ سمنز اور پیٹر سڈل بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔