شہید کیپٹن کاشف کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، برجیس طاہر

کیپٹن کاشف کی شہادت ایک عظیم قومی نقصان ہے جس سے پورے ملک بلخصوص حلقے کی عوام بے حد غم زدہ ہیں صفدرآبادکے نواحی گاؤں بقایا نظام پورہ میں شہید کے گھر جا کر اُن کے خاندان سے دلی افسوس کا اظہار کیا

ہفتہ 4 جولائی 2015 22:01

صفدرآباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) گورنر گلگت بلتستا ن ووفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے آج صفدرآبادکے نواحی گاؤں بقایا نظام پورہ میں ٹرین حادثے میں شہید ہونے والے کیپٹن کاشف کے گھر اُن کے خاندان سے دلی افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اُنہوں نے وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر اُ ن کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔

وزیرا عظم نے اپنے خصوصی پیغام میں شہید کے خاندان سے گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم شہید کے خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔اُنہوں نے کہا کہ فرائض کی سرانجام دہی کے دوران شہید ہو جانے والے کیپٹن کاشف کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے تا ثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن کاشف کی شہادت ایک عظیم قومی نقصان ہے جس سے پورے ملک بلخصوص حلقے کی عوام بے حد غم زدہ ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ افواج پاکستان جس طرح پاکستان کے طول وعرض میں امن و امان کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔اُنہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اور جنرل راحیل شریف کی رہنمائی میں پاکستان کی سیاسی و فوجی قیادت جس یکسوئی کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف صف آراء ہیں اور جس طرح ان کے خلاف آپریشن بلاکسی تفریق و امتیاز سے کیا جا رہا ہے اس سے یہ اُمید پیدا ہوچلی ہے کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں ہر طرف امن کا بول بالا ہو گا۔

وفاقی وزیر نے شہید کیپٹن کاشف کے اعزاز میں اُن کے آبائی قصبے بقایا نظام پورہ کا نام تبدیل کر کے کاشف آباد رکھنے کا بھی اعلان کیا ۔ اس موقع پر چوہدری محمد برجیس طاہر نے شہید کیپٹن کاشف کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔بعد ازاں وزیر اُ مور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے شاہ کوٹ میں رمضان بازار کا دورہ کیا ۔

اُنہوں نے رمضان بازار میں مہیاکی جانے والی اشیاء پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت میں ملک ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔ اُ۔اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کی صوبائی حکومت نے رمضان کے موقع پرلوگوں کو اعلیٰ اورمعیاری اشیاء فراہم کرنے کے لیے متعدد انتظامات کیے ہیں۔اور ضلع انتظامیہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کاروائی کر رہی ہے۔

اس موقع پر ڈی سی او ننگانہ صاحب بھی وفاقی وزیرکے ہمراہ موجو دتھے ۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ آج نہ صرف ملکی ادارے بلکہ بین الاقومی ادارے بھی پاکستان کی معاشی ترقی کی گواہی دے رہے ہیں۔آج پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائرتاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حال میںBloombergنے پاکستان کی معاشی صورت حال پر تسلی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بھارت کی معیشت سے بہتر قرار دیااور کہا کہ پاکستان کی معیشت دنیاکی تیز ترین ترقی کرنے والی معیشت میں شمار کی جا سکتی ہے جو کہ یقینا پاکستان اور بلخصوص مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے لیے باعث فخر ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ د ن دور نہیں جب حکومت ملک میں سیکورٹی اور توانائی جیسے دررپیش چیلنجزز پر قابو پاتے ہوئے اس کو دُنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑاکرے گی۔

متعلقہ عنوان :