پیپلزپارٹی چند افراد کی پارٹی نہیں،یہ پورے ملک کے چاروں صوبوں کی نمائندہ جماعت ہے،نادیہ گبول

رمضان المبارک سادگی،تقوی ونیک نیتی کا درس دیتا ہے ، اس مہینے میں اپنے ارد گرد رہنے والے سفید پوش غریب لوگوں کو ضروریادرکھیں

ہفتہ 4 جولائی 2015 21:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) وزیراعلی سندھ کی کوآرڈینیٹربرائے انسانی حقوق نادیہ گبول نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی چند افراد کی پارٹی نہیں،یہ پورے ملک کے چاروں صوبوں کی نمائندہ جماعت ہے، کسی کے چلے جانے یااستعفیٰ دینے سے پارٹی پر کوئی فرق نہیں پڑتا،پیپلزپارٹی کے کارکنان بھٹوازم کی پیروی کرتے ہوئے اب بھی پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں،پیپلزپارٹی اب بھی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی قیادت میں منظم ہے اور آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور جیت سمیٹیں گے،رمضان المبارک سادگی،تقوی ونیک نیتی کا درس دیتا ہے ، اس مہینے میں اپنے ارد گرد رہنے والے سفید پوش غریب لوگوں کو ضروریادرکھیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے غیرسرکاری فلاحی تنظیم’Save Humanity Welfare Organisationـ‘کی جانب سے منعقدہ راشن بانٹنے کی ایک تقریب میں صحافیوں اورشرکاء سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی مخصوص لوگوں کی جماعت نہیں ہے، اس پارٹی میں پورے ملک کے تمام صوبوں اورقوموں کے نمائندہ افرادشامل ہیں اوریہ جماعت ملک کے ہر کونے میں موجود ہیں، اس کی جڑیں عوام میں سے نکلتی ہیں،چند رہنماوں اورکارکنان کے چلے جانے سے پارٹی پرکوئی منفی اثر نہیں پڑتا،نظریاتی کارکنان اب بھی پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں،بھٹوازم ایک نظریہ ہے جس کو کسی صورت کارکنان کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔

ان کا مزیدکہناتھا کہ پیپلزپارٹی اب بھی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اورشریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں منظم ہے، اورآئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کامیابیاں سمیٹ کر ثابت کردیں گے کہ بھٹو ازم اب بھی زندہ ہے۔انہوں نے مزید بتایاکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی جانب سے کارکنان وعہدیداروں کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کرنے کے احکامات دیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پرالزام تراشیاں کرنا ہردور میں مخالفین کاایجنڈارہا ہے،قدرتی آفات تک کا ذمہ دارپیپلزپارٹی کو ٹہرایاگیا جبکہ حقیقی مسائل پرسے توجہ بھی پیپلزپارٹی پرالزام لگاکرہٹالی گئی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیاری اب تیزی سے بدل رہا ہے اور تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہے، پیپلزپارٹی کے حالیہ اقدامات سے لیاری کے لوگ بہت خوش ہیں اوروہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ملکر لیاری کو پہلے جیسا روشنیوں کا شہربنانا چاہتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کے دوران نادیہ گبول نے کہا کہ رمضان المبارک سادگی،تقوی اورانسانیت کا درس دیتا ہے اس مبارک مہینے میں ہمیں اپنے پڑوسی،رشتہ دار اورسفید پوش بھائیوں و بہنوں کو ضرور یاد رکھنا چاہیے جو کچھ نہ ہونے کے سبب کسی قسم کا مطالبہ کرتے دکھائی نہیں دیتے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں لوگ دل کھول کر صدقہ،زکوۃ دیتے ہیں جن سے لاکھوں غریب لوگ مستفید ہوتے ہیں۔نادیہ گبول نے اس موقع پر غریب افراد میں راشن کے تھیلے بھی تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :