Live Updates

پاکستان تحریک انصاف NA-56کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مختلف امورپر غور

انتخابات میں حصہ لینے کے خواہاں امیدواروں سے باضابطہ درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 4 جولائی 2015 20:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف NA-56کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس آرگنائزر فیاض الحسن چوہان کی صدارت میں راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں NA-56کے ڈپٹی آرگنائزر چوہدری عدنان، کرنل فیاض اور چوہدری اصغر نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مختلف امورپر غور کیا گیا اور انتخابات میں حصہ لینے کے خواہاں امیدواروں سے باضابطہ درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی قیادت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کی روشنی میں یہ طے کیا گیا کہ امیدوار راولپنڈی کے آشیانہ سنٹر اور فیاض الحسن چوہان کی رہائش گاہ پر قائم دفاترسے کاغذات نامزدگی حاصل کر سکیں گے۔کرنل فیاض کی نگرانی میں بلدیاتی انتخابات کیلئے درخواستیں دن 2بجے سے 6بجے تک تقسیم اور وصول کی جائینگی جبکہ درخواستوں کی وصولی کی حتمی تاریخ 10جولائی 2015طے کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف NA-56کے آرگنائزر فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے عوام کے دل پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور انہوں نے مئی 2013کے عام انتخابا ت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اپنی نمائندگی کیلئے منتخب کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور NA-56کے عوام کے مابین تعلق مزید مستحکم بنایا جائے گا اور تحریک انصاف آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اس حلقے سمیت پورے ملک میں کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا چیئرمین تحریک انصاف اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے قائل ہیں اور ہمیشہ سے سیاست میں عوام کے کردار کو اجاگر کرتے آئے ہیں۔ وقت آن پہنچا ہے کہ حلقہ 56کے باشعور عوام چئیرمین تحریک انصاف کی جانب سے دیے گئے درس کی روشنی میں آگے آئیں اور بلدیاتی انتخابات کے دوران قابل اور اہل افراد کے انتخاب میں اپنا کردارا ادا کریں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات