پاکستان آرفن کئیر فورم کے تحت ملک بھر میں 15 رمضان کو ”یوم یتامیٰ“ کے طور پر منایا گیا

ہفتہ 4 جولائی 2015 20:31

اسلام آباد ۔ 04 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ”یوم یتامیٰ“ سماجی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ پاکستان آرفن کئیر فورم کے تحت ملک بھر میں آگاہی واک، سیمینار اور کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد یتیم بچوں کے مسائل اور معاشرے کی اجتماعی ذمہ داریوں کو پورا کرنا تھا۔ اسلام آباد میں مقامی ہوٹل میں ” ایک شام یتامیٰ کے ساتھ“ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان آرفن کئیر فورم کے چیئرمین محمد عبد الشکور سمیت الخدمت فاؤنڈیشن ، ہیلپنگ ہینڈ، مسلم ایڈ ، اسلامک ریلیف پاکستان،ہیومن اپیل، قطر چیرٹی ، ریڈ فاؤنڈیشن، غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ، تعمیر ملت فاؤنڈیشن، ایدھی ہومز،انجمن فیض الاسلام،صراط الجنت ٹرسٹ، خبیب فاؤنڈیشن،سویٹ ہومز،مسلم ہینڈز اور فاؤنڈیشن آف دی فیتھ فل کے ذمہ داران اور یتیم بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پاکستان آرفن کئیر فورم محمد عبد الشکور نے اِس موقع پر کہا کہ اِسلامی ملکوں کی تنظیم او آئی سی کے تحت اسلامی ملکوں میں 15 رمضان کویتیم بچوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے اوراِسی آواز پر لبیک کہتے ہوئے پاکستان میں یتیم بچوں کی کفالت اور فلاح و بہبودکرنے والی تنظیموں اور اداروں نے ”پاکستان آرفن کئیر فورم“ کے پلیٹ فارم سے 15 رمضان کو یوم یتامیٰ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

محمد عبد الشکور نے کہا کہ گزشتہ عشرے میں آنے والی ناگہانی آفات ، بدامنی کے خلاف جنگ ،صحت عامہ کی سہولیات کی کمی اور روزمرہ حادثات کے باعث جہاں ہزاروں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، وہیں لاکھوں بچے بھی اپنے خاندان کے کفیل سے محروم ہو گئے اورمعاشرے کے یتیم ٹھہرے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ ”یونیسف“ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں42 لاکھ بچے یتیم ہیں اوران میں بڑی تعداد ایسے بچوں کی ہے جنہیں تعلیم وتربیت ،صحت اور خورا ک کی مناسب سہولیا ت میسر نہیں۔

بد قسمتی سے روز بروز بگڑتی معاشی صورتحال ،کم آمدنی اور سماجی رویوں کے باعث بھی یتامیٰ کے خاندان کے لئے اُس کا بوجھ اُٹھانا مشکل ہو جاتا ہے ۔یہ بچے تعلیم و تربیت اور مناسب سہولیات نہ ملنے کے باعث معاشرتی اور سماجی محرومیوں کا شکار ہو جاتے ہیں بلکہ کئی تو بے را ہ روی تک کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ جہاں ان کی تعلیم و تربیت ایک سوالیہ نشان بن جاتا ہے۔

اِس ضمن میں پاکستان میں یتیم بچوں کی کفالت کا اہتمام کرنے والے مختلف اداروں کی جانب سے15 رمضان المبارک کو ”یوم ِ یتامیٰ “اِس عزم کے اظہار کا دن ہے کہ مسلم معاشرے کے لئے ہر یتیم بچہ رنگ، نسل اور مذہب کی تمیز کے بغیر اپنے ہی بچوں کی طرح عزیز ہے ۔ اِس یقین کے ساتھ کہ ہمارے معاشرے میں کوئی بھی یتیم بے سہارا نہ رہے ۔پاکستان آ رفن کئیر فورم“ یہ چاہتا ہے کہ پاکستان کا با شعور طبقہ یتیم بچوں کو درپیش مسائل کو سمجھے اور اجتماعی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اُن مسائل کے حل کے لئے آگے بڑھے۔تقریب میں بچوں نے خصوصی ٹیبلو بھی پیش کئے اور بچوں کے لئے مختلف کھیلوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :