وزیراعظم محمد نواز شریف کی امریکہ کے یوم آزادی پر صدر باراک اوبامہ اور امریکی قوم کو مبارکباد

پاکستان اور امریکہ آزادی، جمہوریت اور انسانی حقوق کے رشتوں میں بندھے ہیں، ہم ان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور شراکت داری بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں، نواز شریف

ہفتہ 4 جولائی 2015 20:20

اسلام آباد ۔ 04 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے امریکہ کے یوم آزادی پر صدر باراک اوبامہ اور امریکی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت آئے گی، امریکی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو جاری رکھنے کیلئے دعا گو ہیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے امریکی صدر باراک اوبامہ کو امریکہ کے یوم آزادی کے موقع پر لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ آزادی، جمہوریت اور انسانی حقوق کے رشتوں میں بندھے ہیں۔

ہم ان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور شراکت داری بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور تعاون کو وسعت دینے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے قومی دن کے موقع پر امریکہ کے عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو اسی طرح جاری رکھنے کی دعا کی۔پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان قیادت کی سطح پر حالیہ تعلقات کو اعتماد اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔