کامیاب ضرب عضب آپریشن کے بعد خطے میں امن بحال ہواہے،گورنرخیبرپختونخوا

جنوبی وزیرستان کے متاثرین کی باعزت واپسی اور بحالی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا، خیبرایجنسی اور شمالی وزیرستان کے 40 ہزار خاندان واپس جاچکے ہیں، اگست کے وسط تک خیبرایجنسی کے متاثرین کی مکمل واپسی متوقع ہے، علاقے میں امن واستحکام کیلئے سول انتظامیہ بھرپور کردار ادا کررہی ہے،سردارمہتاب احمد کی امریکی سفیر سے گفتگو

ہفتہ 4 جولائی 2015 20:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) گورنرخیبرپختونخواسردارمہتاب احمدخان نے کہاہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب ضرب عضب آپریشن کے بعد خطے میں امن بحال ہواہے اورکامیاب آپریشن کے بعد متاثرین کی باعزت واپسی اور بحالی شروع ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی وزیرستان کے متاثرین کی باعزت واپسی اور بحالی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکاہے جبکہ خیبرایجنسی اور شمالی وزیرستان کے 40 ہزار خاندان واپس جاچکے ہیں اور اگست کے وسط تک خیبرایجنسی کے متاثرین کی مکمل واپسی متوقع ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ علاقے میں امن واستحکام کیلئے سول انتظامیہ بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں متعین امریکی سفیرمسٹررچرڈ اولسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ہفتہ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

پشاور میں امریکی قونصل جنرل جان ایف ڈینی لویزبھی اس موقع پر موجودتھے۔معززسفیر سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے متاثرین کی بحالی اور بنیادی ضروریات کی سہولیات کی فراہمی کیلئے امریکی حکومت کے تعاون کاشکریہ ادا کیا اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں امریکی تعاون کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم نے لازوال قربانیاں دی ہیں جسے ہمیشہ یادرکھاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ متاثرین پاکستان کے بہترمستقبل کیلئے جن مسائل ومشکلات کا سامنا کیاقوم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ ملاقات کے دوران گورنرنے امریکی سفیر کو فاٹا میں عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور علاقے میں امن واستحکام یقینی بنانے کیلئے انتظامی وسیاسی اصلاحات پرپیش رفت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ ان تمام تر اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور حکومت فاٹا کے عوام کی رائے کے مطابق پیش رفت کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹامیں سمال انڈسٹریزنے دوبارہ کام شروع کردیا ہے جس سے علاقے میں معاشی واقتصادی ترقی میں بہتری آئیگی۔ گورنرنے کہاکہ علاقے میں معدنی ذخائر کوترقی دیکر رزوگارکے مواقع پیدا کرنے کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں اور اس مقصد کیلئے ٹھوس اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس شعبے میں صنعتی وتجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے بھی خاطرخواہ امکانات پائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلا ف آپریشن سے متاثرہ خاندانوں کی واپسی اور بحالی شروع ہوچکی ہے اور جنوبی وزیرستان کے متاثرین کی واپسی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکاہے جبکہ خیبرایجنسی کے متاثرین کی واپسی اگست کے وسط تک مکمل ہوجائیگی۔گورنر نے سفیر کو فاٹامیں اصلاحات کیلئے فاٹاریفامز کمیشن کے کوششوں اور تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر تعلیم کے فروغ اورمواصلات کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے فاٹا میں امریکہ کی امداد سے جاری منصوبوں پرعملدرآمدکی رفتار کی صورتحال بھی زیر بحث آئی