و زیر اعظم کی مختصر نجی دورہ پر فیصل آباد آمد ، خاندانی ودیرینہ دوست چوہدری محمدشریف کی اہلیہ کی ناگہانی وفات پر تعزیت

ہفتہ 4 جولائی 2015 19:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) و زیر اعظم محمد نواز شریف ہفتہ کی دوپہر مختصر نجی دورہ پر فیصل آباد پہنچے جہاں انہوں نے پولیس تھانہ ساندل بار فیصل آبادکے علاقہ چک نمبر 271ج ب خونی سرحالہ اور ا س سے متصل جے کے این بینگلو چک نمبر 185ج ب جا کر اپنے خاندانی ودیرینہ دوست چوہدری محمدشریف مرحوم ہانگ کانگ والے کی رہائش گاہ پر ان کی اہلیہ محترمہ سلیمہ بی بی کی ناگہانی وفات پر گہرے دکھ ، دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے چوہدری محمد شریف مرحوم کے صاحبزادوں ہانگ کانگ میں سوتر کے تاجران جاوید اقبال ، پرویز اقبال اور ہانگ کانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں واحد پاکستانی پروفیسر نوبہار شریف سے ملاقات کے دوران مرحومہ کی وفات پر تعزیت سمیت اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحومہ و مغفورہ کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے درجات بلند کرنے سمیت پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے اور صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صاحبزادوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی آمد اور ان کی والدہ مرحومہ کی وفات پر دلی ہمدردی کے اظہار سے انہیں بہت حوصلہ ملاہے۔ قبل ازیں وزیر اعظم ممبرز قومی اسمبلی میاں محمدفاروق او چوہدری شہبازبابر گجر کے ہمراہ بذریعہ ہیلی کاپٹر جے کے این بینگلو پہنچے تو چوہدری محمد شریف مرحوم کے صاحبزادوں نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر ڈی سی او چنیوٹ شوکت علی کھچی ، ڈی پی او عبدالقادر قمر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :