الخدمت نے مواخات پروگرام کے تحت 7.5 کروڑ کے بلاسود قرضے جاری کیے‘ نعمت اﷲ خان

ہفتہ 4 جولائی 2015 19:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) سابق ناظم کراچی نعمت اﷲ خان نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کے کمزور طبقے کو مضبوط بنانے کی جدوجہد کررہی ہے تاکہ کمزور طبقہ اپنے پیروں پر کھڑا ہو اور معاشرے کا کارآمد حصہ بن کر ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرے۔ یہ بات انہوں نے ہفتے کو مواخات پروگرام کی تحت ملک بھر میں محنت کشوں کو جاری بلاسود قرضوں کے حوالے سے جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

نعمت اﷲ خان نے کہا کہ مواخات پروگرام کے تحت الخدمت فاؤندیشن 7.5 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے جاری کرچکی ہے جس سے ہزاروں افراد نے استفادہ کیا۔ پروگرام کے تحت تھرپارکر میں بھی غریب افراد کو 50, 50 ہزار روپے کے بلاسود قرضے جاری کیے گئے جہاں اس سے سیکڑوں افراد استفادہ کرکے اپنے اہل خانہ کے لیے باعزت روزگار کما رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشی پریشانیاں اور تنگ دستی انسان کو بری طرح متاثر کرتی ہے ،تاہم الخدمت فاؤنڈیشن ایسے طبقے کو مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر امید کی روشنی دکھانے میں مصروف ہے۔

نعمت اﷲ خان نے کہا کہ صاحبِ ثروت فراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے طبقے کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے آگے آئے اور اپنی خدمات پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اپنے وسائل کے مطابق کام کررہی ہے۔ اہل خیر افراد کو چاہیے کہ وہ الخدمت کے منصوبوں میں اس کا ساتھ دیں۔