فتح مکہ کا سب سے اہم ترین پہلوانسانیت کااحترام ہے

المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیرحاجی محمد حنیف طیب

ہفتہ 4 جولائی 2015 19:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیرحاجی محمد حنیف طیب نے فتح مکہ کوتاریخ کا بے مثال واقعہ قراردیاہے اور کہاکہ انسانی تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی جس طرح آپ ؐ فاتح کی حیثیت سے مکہ میں داخل ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ فتح مکہ کا سب سے اہم ترین پہلوانسانیت کااحترام ہے۔ آپ ؐ کی حیات طیبہ کاایک ایک لمحہ مسلمانوں کیلئے عملی نمونہ ہے ،آپ کادشمنوں سے حسن سلوک ،عفودرگزراور مثالی مذہبی رواداری کاسب سے بڑا اظہارفتح مکہ کے موقع پرہوا۔

انہوں نے کہاکہ آپ ؐ کے دشمنوں نے بدنام کرنے ،اور اذیت پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی لیکن اُس کے باوجود آپ نے فتح مکہ کے موقع پر اپنے خون کے پیاسوں یہ کہہ کرچھوڑدیا کہ جاؤتم آزادہو۔

(جاری ہے)

آپ ؐ نے عفودرگزرکی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک باقی رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ فتح مکہ امن وسلامتی اور احترام انسانیت پر مبنی ایک بے مثال اور تاریخ سازمعرکہ ہے ،عالمی جنگوں اور فتوحات کی پوری تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔

حضور ؐ اپنے قول وعمل سے ثابت کردیا کہ اسلام امن وسلامتی کا دین ہے ۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ اسلام کوبدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور انتہاپسندی کاالزام لگاتے ہیں اُن کوبطورچیلنج پوچھتاہوں کہ فتح مکہ میں نبی کریم ؐ نے جان کے دشمنوں کوبھی معاف کردیاتھاپوری تاریخ انسانیت میں ایسی کوئی بھی ایک مثال پیش کرکے دکھائیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ایسے تاریخی واقعات کو ہمارے نصاب میں پڑھایاجائیں تاکہ ہماری آنے والی نسل میں دین کا جذبہ اور شعور پیداہوسکے ۔