قومی سلامتی کے اداروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششوں سے آپریشن ضرب عضب سمیت ملک میں دہشت گردی کیخلاف جاری اقدامات متاثر ہو سکتے ہے

جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجرکا بیان

ہفتہ 4 جولائی 2015 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششوں سے آپریشن ضرب عضب سمیت ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات متاثر ہو سکتے ہیں․ سیاسی قیادت کو سندھ کے وسیع تر مفاد کے لئے اداروں کے اقدامات کو مکمل تحفظ دے کر یہ ثابت کرنا ہوگا کہ دہشت گردی اور امن و امان کے لئے سندھ کی سیاسی قیادت قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ سندھ کا امن ہر پاکستانی کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ثابت ہوگا․ سندھ میں امن و امان کی بحالی، بھتے ، تارگٹ کلنگ اور لوٹ مار کے خاتمے کے لئے پاکستان رینجرز، پولیس، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی کوششوں کے مثبت اثرات سامنے آنے کی وجہ سے ملک دشمن قوتوں کی منفی سرگرمیاں بڑھنا شروع ہو گئی ہیں․ علی اکبر گجر نے کراچی میں امن و امان کے ذمہ دار اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلوں کو صوبے کے امن کے لئے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی کے امن کے لئے کسی ادارے کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دے گی اور نہ ہی سندھ کے امن و امان کے لئے کوئی سمجھوتہ کرے گی․ سندھ میں رینجرز اور پولیس کے درمیاں دوریاں پیدا کرنے والے سندھ کے عوام کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے․ پولیس اور رینجر ز کی قربانیوں کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے ملکی سلامتی کے اداروں اور امن امان کے ذمہ دار اداروں کے مابین تصادم کروانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا ہر ادارہ آئین حدود میں رہ کر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے․ ملکی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنا کرہی ہم ملک و قوم کو ترقی یافتہ اقوام کا حصہ بنا سکتے ہیں․ کراچی کے عوام شہر کے امن کے لئے پولیس افسروں اور جوانوں کی شہادتوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے اس کے ساتھ ساتھ رینجرز کے اقدامات اور کراچی کے امن کے لئے ان کی مثالی کارکردگی بھی ہر شہری کے لئے تحفظ اور اطمینان کا باعث ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سمیت ملک کی تمام پارلیمانی قوتوں نے باہمی مشاورت کے بعد ضرب عضب سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے، امن و امن کے قیام اور ملک میں تحفظ کی فضا پیدا کرنے کے لئے قانوں نافذ کرنے والے اداروں کے موجودہ کردار کی منظوری دی تھی․ پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد کسی سیاسی جماعت یا رہنما کو زیب نہیں دیتا کہ وہ قومی سلامتی کے اداروں کے کردار پر انگلی اٹھائے۔

متعلقہ عنوان :