گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن کی قانون سازاسمبلی کے انتخابات میں ریڈیو پاکستان کے کردارکی تعریف

ہفتہ 4 جولائی 2015 19:06

گلگت ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء ) گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان قانون سازاسمبلی کے حالیہ انتخابات میں ریڈیو پاکستان کے موثر کردار کا اعتراف کیاہے ۔ ہفتہ کوریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سید عمران گردیزی کو لکھے گئے ایک خط میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان جسٹس (ر) طاہر علی شاہ نے کہاکہ ریڈیو پاکستان گلگت اور سکردو نے انتخابی عمل کو کامیاب بنانے میں اہم کردار اداکیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ریڈیو پاکستان کے پروگراموں نے انتخابی عمل کے دوران عوام کو انتخابات سے متعلق امور کے بارے میں آگاہی فراہم کی ۔ انہوں نے کہاکہ ان ریڈیو سٹیشنز نے خود کو گلگت بلتستان قانون سازاسمبلی کے انتخابات دو ہزار پندرہ کے آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انعقاد کے حوالے سے ایک شراکت دار ثابت کیا۔ انہوں نے کہاکہ رائے دہندگان کو انتخابات سے متعلق معاملات سے باخبر رکھنے کے لئے خصوصی انٹرویوز، تبصرے اور عوامی دلچسپی کے دوسرے پروگرام نشر کئے جاتے رہے ۔ضابطہ اخلاق ، انتخابی سرگرمیوں اور پولنگ کی غیر جانبدارانہ کوریج ریڈیو پاکستان گلگت اور سکردو کی مسلسل توجہ کا محوررہی ۔