Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا سی ایم ایچ گوجرانوالہ کا دورہ ، ٹرین حادثہ کے زخمیوں کی عیادت ، جلد صحت یابی کیلئے دعا

پاک ا فواج دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تاریخی خدمات انجام دے رہی ہیں اور پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے گوجرانوالہ میں پیش آنے والے ٹرین حادثہ پر دلی افسوس اور رنج ہوا ہے، ٹرین حادثے پر ہرآنکھ اشکبار ہے ، شہباز شریف کی گفتگو ریسکیو آپریشن سول انتظامیہ اور آرمی کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہو سکا‘وزیراعلیٰ کو کورہیڈکوارٹر گوجرانوالہ میں حادثہ پر بریفنگ

ہفتہ 4 جولائی 2015 19:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور سی ایم ایچ میں زیرعلاج گوجرانوالہ ٹرین حادثہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ فرداً فرداً زخمی فوجی جوانوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالیٰ انہیں جلد شفایاب کرے گا اور پوری قوم ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ٹرین حادثہ کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین حادثے پر ہرآنکھ اشکبار ہے ۔ گوجرانوالہ میں پیش آنے والے ٹرین حادثہ پر دلی افسوس اور رنج ہوا ہے۔ کمانڈنٹ سی ایم ایچ گوجرانوالہ بریگیڈیئر ڈاکٹر اعزاز نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو زخمیوں کے علاج معالجے اور انہیں دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر محی الاسلام، وفاقی وزیر صنعت و کامرس خرم دستگیر، صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، رکن قومی اسمبلی جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کورہیڈکوارٹر گوجرانوالہ گئے جہاں انہیں گوجرانوالہ میں ٹرین حادثہ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل غیور محمود بھی بریفنگ میں موجود تھے۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ریسکیو آپریشن سول انتظامیہ اور آرمی کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہو سکا۔ متعلقہ ادارے بروقت جائے حادثہ پر پہنچے اور فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کی گئیں۔ فوجی حکام نے بریفنگ کے دوران ضلعی افسران، پولیس،ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی بروقت خدمات کو قابل تحسین قرار دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین کے افسوسناک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اوررنج ہوا ہے۔

اس المناک حادثے پر قوم رنجیدہ ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاک افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاریخی اور مثالی خدمات سرانجام دے رہی ہیں اورپوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات