بدر کا معرکہ حق و باطل کے درمیان پہلی جنگ تھی، اس غزو ہ میں حضور علیہ السلام بفس نفیس خود شریک ہوئے ،پیر علی جان مجددی

ہفتہ 4 جولائی 2015 18:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)جمعیت علماء پاکستان لاڑکانہ ڈویژن کے صدر اور نقشبندی سلسلے کے بزرگ حضرت علامہ مولانا پیر محمد علی جان مجددی نے جامعہ کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدر کا معرکہ حق و باطل کے درمیان پہلی جنگ تھی، اس غزو ہ میں حضور علیہ السلام بفس نفیس خود شریک ہوئے ، اس غزو ہ میں صحابہ کرام کے پاس آٹھ تلواریں، اور چند گھوڑے تھے جب کہ دشمن کے پاس ایک ہزار کی سپاہ تھی جو کہ ہر اسلحہ سے لیس تھی، مگر مضبوط قوت ارادی اور ایمانی حرارت نے مسلمانوں کے پائے استقلال میں کمی نہیں آنے دی اور میدان کارزار میں اﷲ عزوجل کی طرف سے مسلمانوں کو فتح و نصرت عطا کی گئی، سیرت مصطفیﷺ سوسائٹی اور انجمن طلبہ اسلام جامعہ کراچی کے اشتراک سے منعقدہ ایام رمضان کانفرنس اور اافطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان لاڑکانہ ڈویژن کے صدر پیر محمد علی جان مجددی نے کہا کہ حضورعلیہ السلام کی بے مثل قیادت اور صحابہ کرام کی استقامت نے بدر کے میدان میں اپنے سے کئی گنا زیادہ بڑے دشمن کو نیست و نابود کیا اور اصحاب بدر کے سچے اخلاص کی وجہ سے آسمان سے اﷲ تعالی کی فتح و نصرت نازل ہوئی ، انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر محمد زبیر ہزاروی نے طلبہ سے اپنے اظہار خیال میں کہا کہ انجمن طلبہ اسلام کا پیغام عشق نبی ﷺ کو عام کرنا ہے، ہماری جدوجہد تعلیمی اداروں میں فحاشی، عریانی، بے حیائی، قادیانیت، دہریت، لا دینیت اور دیگر موزی عقائد سے نوجوان نسل کو محفوظ کرنا ہے، معاشرے میں صحیح اسلامی روح بیدار کرنا ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل الحاد، سوشلزم، سیکولرزم، اور قادیانزم کے خلاف بر سر پیکار رہ کر اسلامی کی حقانیت کا دفاع کر سکے۔

(جاری ہے)

شعبہ سیاسیات اور سیرت مصطفی سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ محمد احمد قادری نے کہا کہ ہر دور میں فتح و کامرانی محمد مصطفیﷺ کی امت ہی کی ہوگی مگر مسلمانان عالم کو اپنی حقیقت کو سمجھنا ہوگا ، ورنہ اقوام عالم انہیں مسلسل دباتی رہے گی، شعبہ کمپیوٹر سائنس کے پروفیسر خالد جمال نے کہا کہ سیرت مصطفیﷺ سوسائٹی نے جامعہ کراچی میں دنیاوی علوم کے ساتھ دینی تربیت کا ایک سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور ہم جامعہ کراچی میں ایک بہتر مذہبی ماحول کے خواہاں ہیں۔

ایام رمضان سے دعوت اسلامی کے فرحان عطاری، شعبہ اسلامک لرننگ کے ڈاکٹر ناصر الدین صدیقی اور دیگر نے خطاب کیا۔ایام رمضان کانفرنس میں خصوصی شرکت انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری نبیل مصطفائی، اے ٹی آئی کراچی ڈویژن کے ناظم سیف الاسلام، جنرل سیکرٹری بابر مصطفائی، انجمن طلبہ اسلام ضلع کورنگی، ضلع ملیر، ضلع وسطی اور دیگر علاقوں کے ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔