بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کی ادائیگیاں کردی ہیں ،ایڈمنسٹریٹر کراچی

ہفتہ 4 جولائی 2015 18:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کی تنخواہ اور پینشن کی ادائیگیاں کردی ہیں ٹھیکیداروں کے بل اور دیگر اخراجات کو اس لئے بند کیا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران ملازمین کو پینشن اور تنخواہ وقت پر مل سکے، تاہم جانوروں کی خوراک کے بلوں کی ادائیگی جاری کردی گئی ہے جبکہ ترقیاتی کام متاثر نہیں ہونگے کیونکہ حالات بہتر ہونے پر ادائیگیاں جاری کردی جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سوک سینٹر میں محکمہ جاتی سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ جاتی سربراہان بھی موجود تھے، انہوں نے ہدایت کی کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام محکموں کے اکاؤنٹ کی تفصیل جمع کرادی جائے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کسی بھی محکمہ کا اکاؤنٹ پوشیدہ نہیں رکھا جائے، جو محکمہ تفصیل نہیں دے گا اگر اسکا اکاؤنٹ ہوا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی تمام محکمے پیر 2 بجے تک تفصیل جمع کرائیں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو سہولت پہنچانے کے لئے تمام تجارتی مراکز میں تجاوزات کا مکمل صفایا کرکے سٹی وارڈن تعینات کئے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کو بھی سہولت حاصل ہو، ایڈمنسٹریٹرکراچی نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں زیادہ رش ہوتا ہے ان پر خصوصی توجہ دی جائے طارق روڈ، حیدری، کلفٹن تین تلوار، شاہراہ پاکستان، ڈالمیا اور دیگر تجارتی مراکز پر خصوصی توجہ دی جائے، میٹرپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی کی سربراہی میں ایک کمیٹی اس سارے عمل کو مانیٹر کرے گی۔

(جاری ہے)

تجاوزات کے خلاف یہ ایک بھر پور مہم ہوگی جو عید الفطر کی رات تک جاری رہے گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس میں لوگوں کے روزگار کا مسئلہ ضرور ہے مگر شہریوں کی تکلیف کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ اقدامات ضروری ہیں اس پلان پر 20 رمضان المبارک سے کام شروع کردیا جائے۔

متعلقہ عنوان :