Live Updates

موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے عوام بڑے سانحات کی اطلاعات سننے کے عادی ہو گئے ہیں ‘ جمشید اقبال چیمہ

پیپلز پارٹی ہی نہیں آنے والے دنوں میں بہت سے لوگ حکمران جماعت کو بھی خیر باد کہنے والے ہیں ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

ہفتہ 4 جولائی 2015 17:31

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے عوام بڑے سانحات کی اطلاعات سننے کے عادی ہو گئے ہیں ، پیپلز پارٹی ہی نہیں آنے والے دنوں میں بہت سے لوگ حکمران جماعت کو بھی خیر باد کہنے والے ہیں ، مسلم لیگ (ن) کے کرتا دھرنا پولیس کو ذاتی مقاصد اور سیاسی انتقام کے لئے استعمال کر رہے ہیں اور یہ معاملات آنے والے دنوں میں انکے گلے پڑیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے حلقے میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکمران مالی اور انتظامی اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں اسی لئے قیاس کیا جارہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں لیکن پی ٹی آئی حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دے گی اور ایسی کوششوں کے آگے بند باندھیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران صرف نمائشی منصوبوں اور شعبدہ بازی دکھانے کے شوقین ہیں ،انہیں اس سے کوئی سروکار نہیں کہ غریب کاپیٹ خالی ہے انہیں صرف میٹرو کے پل کھڑے کر کے اس پر بسیں دوڑانی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کر رہی ہے ۔ حکمران چپ رہنے او رمانگنے سے حقوق نہیں دیں گے ان سے حقوق چھیننا پڑیں گے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی لوٹ کھسوٹ اور مفادپرستانہ پالیسیوں سے نالاں بہت سے رہنما تحریک انصاف میں شمولیت کے لئے رابطے کر رہے ہیں اور انشا اﷲ آنے والے دنوں میں حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی شمولیت اختیار کریں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :