آل پاکستان انجمن تاجران نے بینکوں سے لین دین پر 0.6فیصد ٹیکس کو مسترد کر دیا، شٹر ڈاؤن ہڑتال کی دھمکی

ایف بی آر کی طرف سے کھاتہ داروں پر چھاپے،اکاؤنٹس تک رسائی سے کاروبارتباہ ہوجائینگے‘ صدر محمد اشرف بھٹی کی دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

ہفتہ 4 جولائی 2015 17:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدرمحمد اشرف بھٹی نے بینکوں سے لین دین پر 0.6فیصد ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عوام کے پیسوں پر کھلا ڈاکہ ہے اور اگر سات دنوں تک 0.6فیصدٹیکس واپس نہ لیا گیاتو تاجروں کی تمام نمائندہ تنظیمیں مل کر شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گی۔ وہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ان کے ساتھ سرپرست اعلی آل پاکستان انجمن تاجران ظہیراے بابر،جنرل سیکرٹری انجمن تاجران لاہورحاجی طاہرنوید،جنرل سیکرٹری پنجاب میاں شاہد گوگی،صدرپاورلوم ایسوسی ایشن مرزا شفیق، چیئرمین انجمن تاجران لاہوربابرمحمود،چیئرمین انجمن تاجران پنجاب شیخ ارشاد،صدر ڈیفنس بورڈ میاں سعید، چیئرمین حاجی لیاقت حیات،گڑھی شاہوبورڈ کے صدرمیاں اعجاز،صدرلٹن روڈ ملک ناظم،صدررکشہ ڈیلرایسوسی ایشن باغی خان، سیکرٹری اطلاعات میاں ادریس،صدررحمن گلیاں چوہدری نوید،صدر راوی روڈ بورڈ میاں عبدالرحمن، نائب صدر انجمن تاجران انارکلی شیخ ارشد، جنرل سیکرٹری اندرون شہربورڈ حاجی اشفاق، سینئرنائب صدر سلیم گلو، کوآرڈینیٹرعرفان مدنی،صدرشاہ عالمی شیخ فضل الہی،چیئرمین ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن خرم گجر سمیت تاجروں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تاجران نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر حکومت سے تاجروں کاٹکراؤ چاہتی ہے۔ایف بی آر کی طرف سے کھاتہ داروں پر چھاپے،اکاؤنٹس تک رسائی سے کاروبارتباہ ہوجائیں گے۔ ایف بی آر لگام ڈالی جائے۔ظالمانہ اقدامات ملکی معیشت کے خلاف گہری سازش ہے ۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ظالمانہ نظام کو ٹھیک کیا جائے وگرنہ لوگ بینکوں میں اپنا پیسہ رکھنا چھوڑدیں گے جس سے امن و امان کی صورت حال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔آل پاکستان انجمن تاجران وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف،وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر نوٹس لیں اور یہ فیصلہ واپس لیا جائے۔