ایم کیو ایم کے کارکنوں کیساتھ جنگی قیدیوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے،الطاف حسین

ہفتہ 4 جولائی 2015 16:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ساتھ جنگی قیدیوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ سے بھی متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے بھی کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ وزیراعلی سندھ انتہائی ضعیف ہو چکے ہیں اور انھیں الفاظ صحیح سمجھ نہیں آتے ۔

جبکہ وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا فون آیا تھا لیکن وہ بہت جذباتی تھے اس لئے بات نہ ہوسکی تاہم ان کے بیان پر افسوس ہے۔لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ سندھ آگ میں جل رہاہے ۔رینجرز نے اپنے عمل سے پورے صوبے کو مقبوضہ علاقہ بنا دیا ہے، آصف زرداری اور قائم علی شاہ کو سندھ کے باسیوں سے ذرا برابر بھی محبت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم کارکنان کے ساتھ جنگی قیدیوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے لیکن آصف زرداری اور قائم علی شاہ کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔الطاف حسین نے کہا کہ دبئی میں آصف زرداری کو 2 نمبروں پر فون کیا لیکن کسی نے فون نہیں اٹھایا جب کہ وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ سے بھی متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے بھی کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ وزیراعلی سندھ انتہائی ضعیف ہو چکے ہیں اور انھیں الفاظ صحیح سمجھ نہیں آتے۔

دوسری جانب وزیراعلی سندھ نے الطاف حسین کے بیان پراپنے ردعمل میں کہاکہ ہم نے ہمیشہ الطاف حسین کے ساتھ عزت کا تعلق رکھا ہے اس لئے میٹنگ چھوڑ کر الطاف حسین سے فون پر بات کی لیکن وہ بہت جذباتی تھے اس لئے انہوں نے بات کرتے کرتے خود ہی فون کاٹ دیا تاہم انہوں نے جو سندھ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور مجھ سے متعلق جو بیان دیا ہے اس سے افسوس ہوا۔