برطانیہ اور فرانس کے درمیان بنائی گئی سمندری سرنگ میں تارکین وطن کے باعث ٹریفک معطل

ہفتہ 4 جولائی 2015 16:44

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) برطانیہ اور فرانس کے درمیان سمندر کی تہہ میں ریل گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بنائی گئی یورو ٹنل کے فرانسیسی دہانے کے ممنوعہ علاقوں میں داخلے کی درجنوں تارکین وطن کی کوشش کے باعث وہاں معمول کی ٹریفک معطل ہو کر رہ گئی۔برطانیہ اور باقی ماندہ یورپ میں ہالینڈ، بیلجیم اور فرانس کے درمیان سمندری علاقہ رودبار انگلستان یا انگلش چینل کہلاتا ہے۔

اسی سمندری پٹی کی تہہ میں یورو ٹنل کہلانے والی وہ ریلوے سرنگ بچھی ہوئی ہے، جس کے ذریعے یورو سٹار نامی ریل گاڑیوں میں سوار ہو کر فرانس اور برطانیہ کے درمیان سفر کیا جا سکتا ہے۔یہ زیر سمندر ریل رابطہ برطانیہ کے چھوٹے سے ساحلی شہر ڈوور اور فرانسیسی ساحلی شہر کَیلے کو آپس میں جوڑتے ہوئے برطانیہ اور ماقی ماندہ یورپ کے درمیان مسافر ریل گاڑیوں کی ٹریفک کو ممکن بناتا ہے۔

(جاری ہے)

شمالی فرانس میں کَیلے سے ہفتہ چار جولائی کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق علاقائی انتظامیہ کے ایک ترجمان نے بتایاکہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات درجنوں کی تعداد میں تارکین وطن نے کَیلے میں یورو ٹنل کے ممنوعہ حصوں میں داخلے کی کوشش کی، جس کے باعث وہاں معمول کی ٹریفک معطل ہو گئی۔ترجمان کے مطابق رات ساڑھے دس بجے قریب 150 تارکین وطن نے زبردستی اس سرنگ میں داخل ہو کر کَیلے کے اسٹیشن کے پلیٹ فارمز تک پہنچنے کی کوشش کی حالانکہ سرنگ کا وہ ممنوعہ علاقہ صرف ریل گاڑیوں کے اس ٹنل میں داخلے کے لیے مخصوص ہے۔

اس پر سکیورٹی عملے کی مداخلت اور انسانی جانوں کو لاحق خطرات کی وجہ سے نہ صرف معمول کی آمد و رفت رک گئی بلکہ ٹنل کے قریبی علاقے میں موٹر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں بھی دیکھی گئیں۔

متعلقہ عنوان :