ٹیوٹاکے فارغ التحصیل نوجوانوں کواپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے مالی امداد فراہم کی جائے گی، ندیم کامران

ہفتہ 4 جولائی 2015 16:27

لاہور۔4جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)صوبائی وزیر زکوة و عشر ندیم کامران نے کہا ہے کہ ٹیوٹاکے فارغ التحصیل نوجوانوں کواپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ ندیم کامران نے کہا کہ محکمہ زکوٰةکی جانب سے فنڈز کی فراہمی سے ٹیوٹا اداروں کے فارغ التحصیل نوجوان اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے۔

اس سلسلے میں باقاعدہ منصوبہ بندی کی جائے گی تاکہ اس تجویز کو حتمی شکل دی جا سکے ۔ٹیوٹا اداروں کے ایسے نوجوان جو اپنا کورس مکمل کر چکے ہیں مگر انکے پاس اپنا کاروبار کرنے کیلئے رقم نہیں ہے انہیں ٹیوٹا کی معاونت سے قرض فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کرکے اپنے خاندان کی معاشی کفالت کے علاوہ صوبہ میں بے روزگار ی کی کمی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ کہ ٹیوٹا، اخوت اور محکمہ زکوٰةو عشر کے ساتھ ملکر ٹیوٹا داروں کے کے نوجوانوں کواپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے مالی امداد کی فراہمی کیلئے لائحہ عمل طے کرینگے۔ اس اقدام سے انہیں اپنا کاروبار آسانی سے شروع کرنے کے موقع ملیں گے۔صوبائی وزیر زکوة و عشر کو ٹیوٹا کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری کی مشاورت سے دوسرے مرحلے میں 50شارٹ کورسز کو جلد شروع کئے جا رہے ہیں اور فروری میں شروع کئے جانے والے فری شارٹ کورسز کے پہلے مرحلے کی کامیابی اور انڈسٹری کی ڈیمانڈ پر شارٹ کورسز کا دوسر ا مرحلہ شرو ع کیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں ٹیوٹا صوبہ بھر میں صنعتی اداروں سے رابطے کر رہی ہے تاکہ انکی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے کورسز کا آغاز اور پرانے نصاب کواپ ڈیٹ کیا جائے گا۔