وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر جھنگ میں یونیورسٹی آف جھنگ کے قیام کیلئے 12مربع سرکاری اراضی مختص ، ابتدائی طور پر ایک ارب روپے کی گرانٹ کی بھی منظوری

ہفتہ 4 جولائی 2015 16:24

فیصل آباد۔4جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر جھنگ میں یونیورسٹی آف جھنگ کے قیام کیلئے جھنگ گوجرہ روڈ ٹوبہ بائی پاس پر 12مربع سرکاری اراضی مختص کردی گئی ہے جبکہ یونیورسٹی کے تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کیلئے ابتدائی طور پر ایک ارب روپے کی گرانٹ کی بھی منظوری دے دی گئی ہے جو یکم جولائی سے شروع ہونے والے رواں مالی سال کے دوران ہی فراہم کی جائے گی تاہم بعدازاں مزید گرانٹ کابھی اجراء کیا جائیگا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اہلیان جھنگ گزشتہ کئی سالوں سے جھنگ کو ڈویژن کا درجہ دینے اور جھنگ میں مکمل و خودمختار یونیورسٹی سمیت میڈیکل کالج کے قیام کا مطالبہ کررہے تھے تاہم 11مئی 2013ء کے عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ (ن) کے قائد و وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اپنے دورہ جھنگ اورمائی ہیر سٹیڈیم میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کے دوران شہریوں کے پرزور مطالبہ پر جھنگ میں یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کیاتھاجس پر اب عملدرآمد شروع کردیا گیاہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ گورنمنٹ جھنگ کے ذرائع نے بتایاکہ یونیورسٹی آف جھنگ کے قیام کیلئے جھنگ گوجرہ روڈ ٹوبہ بائی پاس پر 12 مربع سرکاری اراضی کی نشاندہی کرکے مذکورہ رقبہ یونیورسٹی کیلئے مختص کردیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اربا ب اختیار کی جانب سے اجازت ملتے ہی یونیورسٹی آف جھنگ کی تعمیر کیلئے ترقیاتی کاموں کاآغازکردیاجائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ یونیورسٹی کے قیام سے جھنگ کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ پور اہونے کے ساتھ ساتھ ضلع جھنگ اور گرد ونواح کے علاقوں کے ہزاروں طلباء وطالبات کو اپنے گھر کی دہلیز کے قریب ہائر ایجوکیشن سمیت اعلیٰ تعلیم ، تدریس ، تحقیق کی بہترین سہولیات دستیاب ہو سکیں گی جس سے مذکورہ ضلع ترقی کی نئی شاہراہوں پر گامزن ہو سکے گا نیز یونیورسٹی کے قیام سے روزگار کے بھی نئے مواقع پیداہوں گے۔