فلاحی ادارے کیلئے عطیات جمع کرنیوالوں کو گرفتار کرکے جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنا سراسر ظلم ہے، الطاف حسین

ہفتہ 4 جولائی 2015 15:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم)کے قائد الطاف حسین نے رینجرز کے ہاتھوں کارکنوں کی گرفتاری پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلاحی ادارے کیلئے عطیات جمع کرنے والوں کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے جارہے ہیں۔ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر تنظیمی شعبہ جات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ رینجرزکا ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے کے کے ایف کی فلاحی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا غیر قانونی ہے ۔

فلاحی ادارے کے لئے عطیات جمع کرنے والوں کو گرفتار کرکے جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنا سراسر ظلم ہے ۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ عوام کی بلاامتیاز اور بے لوث مدد کرنے والے ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فانڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا غیر قانونی ، غیر شرعی ہے اور اس کے لئے عطیات جمع کرنے والوں کو گرفتار کرکے انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنا نہ صرف سراسر ظلم ہے بلکہ عذاب خداوندی کو دعوت دینے کے مترادف بھی ہے ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہا کہ یکم جولائی کو ناظم آباد گلبہارسیکٹر میں ایم کیو ایم کے آفس میں افطار پارٹی تھی

جہاں ایم کیو ایم کے ایم این اے سفیان یوسف بھی موجود تھے ۔ افطار پارٹی کے اختتام کے بعد تمام شرکا واپس جا رہے تھے کہ رینجرز نے دفتر کو چاروں طرف سے گھیر لیا اور وہاں موجود ایم کیو ایم کے 16 ذمہ داروں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا ۔

رینجرز نے اس چھاپے اور گرفتاری کے بارے میں یہ اعلامیہ جاری کیا کہ ان لوگوں کو اس وجہ سے گرفتار کیا کہ وہ زبردستی زکو فطرہ جمع کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کا بہیمانہ سلوک ایم کیو ایم کے گرفتار کئے گئے ذمہ داروں اور کارکنوں کے ساتھ کیا جا رہا ہے اس طرح کا تذلیل آمیز سلوک جنگی قیدیوں کے ساتھ بھی نہیں کیا جاتا ۔ الطاف حسین نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن ہمارا ایک فلاحی ادارہ ہے جو تحریک کے ابتدائی ایام سے قائم ہے جو ماہانہ بنیاد پر غریب و مستحق بیواؤں ، یتیموں ، ناداروں اور معذوروں کی مدد کرتا ہے جب بھی کہیں کوئی قدرتی آفت یا حادثہ ہوتا ہے تو خدمت خلق فاؤڈیشن کے ڈاکٹر ، پیرامیڈیکل سٹاف اور رضاکارعوام کی خدمت کے لئے پہنچتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ زکو فطرے کے عطیات جمع کرنے والے ایم کیو ایم کے کارکنوں اور ذمہ داروں کو گرفتار کرکے انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنا اور ان کے ساتھ جنگی قیدیوں جیسا سلوک بہادری نہیں بلکہ بزدلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز والے اگر واقعی بہادر ہیں تو ہمارے بے گناہ کارکنوں کو گرفتار کرنے کے بجائے مقبوضہ کشمیر جا کر اسے انڈیا کے قبضہ سے آزاد کرائیں ۔

الطاف حسین نے تمام شعبہ جات کو ان کی ثابت قدمی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ان کڑے اور آزمائش کے حالات میں جس طرح ثابت قدمی سے کام کر رہے ہیں اس پر میں آپ کو دل کی گہرائی سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور کڑے حالات میں قربانیاں دینے والے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور ان سے کہتا ہوں کہ آپ یونہی ڈٹے رہنا ، انشااللہ ہم اس امتحان میں بھی سرخرو ہونگے ۔