ہائیکورٹ نے امپرومنٹ ٹرسٹ سرگودھا کو ماڈل ٹاؤن سرگودھا کے الاٹیوں سے مزید ترقیاتی فنڈز وصول کرنے سے روک دیا

ہفتہ 4 جولائی 2015 15:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے امپرومنٹ ٹرسٹ سرگودھا کو ماڈل ٹاؤن سرگودھا کے الاٹیوں سے مزید ترقیاتی فنڈز وصول کرنے سے روک دیاجبکہ چیئرمین امپرومنٹ ٹرسٹ سرگودھا اور سیکرٹری ہاسنگ سمیت دیگر کو حکم دیا ہے کہ ماڈل ٹاؤن سرگودھا کے الاٹیوں سے ترقیاتی فنڈزکے نام پر مزید کوئی رقم وصول نہ کی جائے اور چھ ماہ کے اندر الاٹیوں کو پلاٹوں کا قبضہ دیا جائے۔

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے ماڈل ٹاؤن سرگودھا کے الاٹی محمد عامر امین سمیت دیگر الاٹیوں کی جانب سے دائر درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے امپرومنٹ ٹرسٹ سرگودھا کے چیئرمین ڈی سی او سرگودھا، سیکرٹری امپرومنٹ ٹرسٹ، سیکرٹری ہاسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ حکومت پنجاب کو حکم دیا ہے کہ ماڈل ٹاؤن سرگودھا کو الاٹیوں سے ترقیاتی فنڈز کے نام پر مزید کوئی رقم وصول نہ کی جائے اور چھ ماہ کے اندر مذکورہ رہائشی سکیم کے تمام ترقیاتی کام مکمل کر کے الاٹیوں کو پلاٹوں کا قبضہ دیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے 9صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا کہ سرگودھا امپرومنٹ ٹرسٹ کے خلاف صوبائی محتسب اعلی بھی فیصلہ سنا چکے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ20برسوں سے سرگودھا امپرومنٹ ٹرسٹ الاٹیوں سے ترقیاتی فنڈز سمیت تمام واجبات وصول کرنے کے باوجود ماڈل ٹان سرگودھا میں ایسے ترقیاتی کام نہیں کروا سکا جو عام پرائیویٹ سیکٹر کی رہائشی اسکیموں میں 2سے5برسوں میں مکمل ہو جاتے ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ڈی سی او سرگودھا بحیثیت چیئرمین ٹرسٹ اور انکی ٹیم اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ماضی میں ٹرسٹ کی طرف سے ماڈل ٹاؤن سرگودھا کے الاٹیوں کے فنڈز کو جس طرح بد انتظامی و لوٹ مار کے ذریعے ضائع کیا گیاہے، اس کی سزا ماڈل ٹاؤن کے الاٹیوں کو نہیں دی جاسکتی۔ فاضل عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ سوسائٹی کے ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ سرگودھا امپرومنٹ ٹرسٹ اسکیم کے آغاز سے ہی سنجیدہ نہیں رہا۔