شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، بھارت رسوا ہو کر کشمیر سے نکلے گا ،محمد طاہر کھوکھر

ہفتہ 4 جولائی 2015 15:07

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ بھارت رسوا ہو کر کشمیر سے نکلے گا اور کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہو گا‘ حق خودارادیت کی جدوجہد میں پوری قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اورکشمیری عوام نے ہر موقع پر ثابت کیا ہے کہ انہیں کسی قیمت پر بھارت کے ساتھ رہنا قبول نہیں ‘ مقبوضہ کشمیر میں حق خودارادیت کے حصول کی تحریک کو کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی آٹھ لاکھ فوج ، کالے قوانین اور جابرانہ ہتھکنڈے کشمیری عوام کو زیادہ عرصہ تک اپنے حقوق سے محروم نہیں رکھ سکتے۔

(جاری ہے)

آج لاکھوں شہداء کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے کہ مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں فلیش پوائنٹ بن چکا ہے اور بھارت اور پاکستانی قیادت کے مابین ون پوائنٹ ایجنڈا بن چکا ہے۔

شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سات لاکھ کشمیری عوام اپنی جان کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں ۔ اقوام عالم کی تاریخ میں اس سے بڑی قربانی کی مثال نہیں ملتی۔

آج اگرچہ مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت پر پوری پاکستانی اور کشمیری قوم اور قیادت باہم متحد و متفق ہیں لیکن پھر بھی تمام سیاسی جماعتوں اور قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر دو ٹوک انداز میں دنیا کو بتانا چاہیے کہ عالمی برادری دوہرا معیار ترک کر کے فوری اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے بصورت دیگر عالمی امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام، خواتین، بزرگ شہریوں پر مظالم کو ڈھانے کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی بربریت پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی مجرمانہ خاموشی معنی خیز ہے۔ کیا مسلمانوں کے خون کی کوئی قیمت نہیں۔ دنیا کو دوہرا معیار ترک کرنا ہو گا۔

انہوں نے او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کے موٴقف کے واضح اور دوٹوک حمایت کرتے ہوئے بھارت کا معاشی بائیکاٹ کرے۔طاہرکھوکھر نے کہاکہ ایم کیو ایم ماضی کی طرح مستقبل میں بھی تحریک آزادی کشمیر کی اخلاقی ‘ سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی ۔ قائد تحریک الطاف حسین بھائی نے ہمیشہ واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے خلاف مسئلہ کشمیر کا کوئی بھی حل قابل قبول نہیں ہوگا ۔ کشمیری عوام کی قربانیوں کی بدولت اب وہ وقت دور نہیں جبکہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت استعمال کر کے اپنی تقدیر کافیصلہ خود کریں گے ۔