شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں کپڑے کی فیکٹری میں آگ لگ گئی،ایک گھنٹے بعد قابو پالیا گیا

ہفتہ 4 جولائی 2015 15:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں کپڑے کی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر ایک گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے تاہم لاکھوں روپے مالیت کا کپڑاجل کرخاکسترہوگیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی علی الصبح سائٹ ایریا میں واقع کپڑے کی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کی بالائی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں موقع پر پہنچی اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔

آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا اور دیگر سامان جل گیا۔فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق سائٹ کے علاقے ضیا موڑ کے قریب گارمنٹس فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ فیکٹری کی تیسری منزل پر لگی۔ فائر بریگیڈ کے 7 فائر ٹینڈرز اور ایک واٹر باوزر نے بروقت کارروائی کر کے آگ پر قابو پایا۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ صبح سویرے فیکٹری میں ملازم موجود نہ ہونے کی وجہ سے خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔