ذوالفقار مرزا کو عدالت حاضری سے استثنیٰ مل گیا

ہفتہ 4 جولائی 2015 15:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سندھ کے سابق وزیرداخلہ ڈاکٹرذوالفقار مرزا کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی ہے۔ تفتیشی افسروں کے پیش نہ ہونے پر توہین عدالت کے نوٹس جاری، سماعت 27جولائی تک ملتوی کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق سابق ہفتہ کو انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سندھ کے سابق وزیرداخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے خلاف بدین میں درج ہونیوالے چار مقدمات کی سماعت کی گئی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرذوالفقار مرزاکے وکیل نے عدالت میں ڈاکٹرذوالفقارمرزاکی حاضری سے مستثنیٰ کی درخواست پیش کی،جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ڈاکٹرذوالفقار مرزااپنی اہلیہ کے علاج کے غرض سے بیرون ملک ہیں،لہٰذاانہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جسے عدالت نے منظور کرلیا جببکہ مقدمات کے تفتیشی افسران ڈی ایس پی احمد قریشی، انسپکٹر ذوالقرنین، انسپکٹر ساجد اور انسپکٹر اکرم کو پیش نہ ہونے پر توہین عدالت کے نوٹس جاری کردیئے گئے۔بعدازاں عدالت نے ذوالفقار مرزا کی حاضری سے استشنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت27 جولائی تک ملتوی کر دی۔