(ن) کی قیادت نے بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں ناراض کارکنوں کو منانے کیلئے حمزہ شہباز کو ذمہ داری سونپ دی

ہفتہ 4 جولائی 2015 15:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں ناراض کارکنوں کو منانے کیلئے حمزہ شہباز شریف کو ذمہ داری سونپ دی ،کل ( پیر ) سے مرحلہ وار افطار پارٹیوں کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ناراض کارکنوں کی شکایات سن کر ان کا ازالہ کیا جائے گا ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ستمبر میں پنجاب میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے لئے پارٹی کو منظم اور فعال کرنے کیلئے سر گرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں پہلے مرحلے میں صوبہ بھر میں ناراض متحرک کارکنوں کو منایا جائے گا جس کے لئے قیادت نے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کو ذمہ داری سونپی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صوبے بھر کے تمام ڈویژن سے ناراض کارکنوں کو منانے کے لئے انہیں ( پیر ) سے مرحلہ وار بلایا جائے گا جہاں حمزہ شہباز شریف انکے اعزاز میں افطار پارٹیوں کا اہتمام کریں گے اوراسی دوران ناراض کارکنوں کی شکایات سن کر ان کا ازالہ کیا جائے گا ۔ان ملاقاتوں میں بلدیاتی انتخابات کے لئے امیدواروں کے بارے میں رائے بھی لی جائے گی۔