وزیر اعظم و چیئرمین گلگت بلتستان کونسل نے گلگت بلتستان کی کابینہ کے لئے7ناموں کی منظوری دیدی

ہفتہ 4 جولائی 2015 14:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) وزیر اعظم پاکستان و چیئرمین گلگت بلتستان کونسل میاں محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان کی کابینہ کے لئے7ناموں کی منظوری دے دی،7رکنی کابینہ پیر کو گلگت میں حلف اٹھائے گی، گورنر گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر کابینہ کے ارکان سے حلف لیں گے، ہنزہ سے تعلق رکھنے والی رانی عتیقہ غضنفر بھی ممکنہ وزراء میں شامل ۔

ہفتہ کو ذمہ دار ذرائع نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء کو آگاہ کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے گورنر گلگت بلتستان اور نو منتخب وزیر اعلیٰ کی طرف سے ممکنہ وزراء کی فہرست منظور کرلی ہے پہلے مرحلے پر ایک خاتون سمیت 7وزراء پر مشتمل کابینہ سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں تمام اضلاع کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے کابینہ میں مزید توسیع کی جائے گی، کابینہ کی تقریب حلف برداری پیر کو گلگت میں گورنر ہاؤس میں منعقد ہو گی، تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن کل اتوار کو گلگت پہنچیں گے جبکہ گورنر برجیس طاہر پیر کی صبح ہی گلگت پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ وزیر اعلیٰ اتوار کو گلگت پہنچنے کے بعد 7رکنی کابینہ کے ناموں کا اعلان کریں۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں ایک خاتون وزیر بھی شامل ہوں گی اور اس کیلئے ہنزہ سے تعلق رکھنے والی رکن جی بی اسمبلی رانی عتیقہ غضنفر ہارٹ فیورٹ ہیں،ممکنہ وزراء میں حاجی جانباز، فرمان علی، ابراہیم سنائی، ڈاکٹر محمد اقبال اور محمد وکیل کے نام شامل ہیں۔