رواں مالی سال کے دوران محکمہ آبپاشی مختلف میگا پراجیکٹس کا آغاز کرے گا‘ وزیر آبپاشی پنجاب

ہفتہ 4 جولائی 2015 14:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) حکومت پنجاب نے مالی سال2015-16میں آبپاشی کے شعبہ کے لئے 50 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی ہے تاکہ نہری ڈھانچے کی بہتری سے زراعت کو مزید استحکام میسر آ سکے،رواں مالی سال کے دوران محکمہ آبپاشی مختلف میگا پراجیکٹس کا آغاز کرے گا،ان میں بیراجوں کی بحالی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔یہ بات صوبائی وزیر آبپاشی وچیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے ضلع بہاولپورمیں رمضان بازاروں کے معائنہ کے بعد یہاں اپنے دفتر میں کسانوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

چیئرمین ایریا واٹر بورڈ ٹیپو عثمان خان کی زیر قیادت وفد میں لوئر چناب کینال کی مختلف کسان تنظیموں کے صدور شامل تھے۔صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں نہری ڈھانچے کی اصلاح کے لئے جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا گیا جس بنا پر طے شدہ اہداف کے حصول میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ مالی سال میں اصلاح آبپاشی کے مزید منصوبے ترتیب دئیے گئے ہیں جن پر کام آغاز جلد کیا جارہا ہے۔ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں سال مختلف بیراجوں کی بحالی،پو ٹھوہار کی علاقہ میں نئے سمال ڈیمز کی تعمیر،سیالکوٹ،نارروال اور گوجرانوالہ کے اضلاع کو برساتی نالوں کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے ،ڈیرہ غازی خان کی رود کوہیوں کے پانی کی مینجمنٹ کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ پانی چوری کی روک تھام کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کے منصوبہ جات پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے گی تاکہ نہری ڈھانچے کی بحالی کے ساتھ ساتھ پانی کی ٹیلوں پر ترسیل کے نظام میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

انہوں نے کسان وفد کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر ماڈل کے تحت نظام آبپاشی کی بحالی وتجدید نو کے لئے پوری طرح کوشاں ہیں۔ان اقدامات سے کسان خوشحال ہو گا اور ملک کو غذائی خود کفالت حاصل ہو گی۔