میونسپل کارپوریشن میرپور نے آوارہ جانوروں کیخلاف آپریشن شروع کردیا

ہفتہ 4 جولائی 2015 13:24

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) میونسپل کارپوریشن میرپور نے آوارہ جانوروں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے اور شہر میں آوارہ پھرنے والے 33بڑے جانوروں بیل ،گائے اور گدھے پھاٹک مویشیاں بند کر دیئے ہیں یہ آپریشن مسلسل عوامی شکایات پر کیا گیا ہے کیونکہ آوارہ جانور شہریوں کے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک میں رکاوٹ کے علاوہ حادثات کا سبب بھی بنتے ہیں ان جانوروں کی آزاد انہ حرکتوں سے شجر کاری مہم کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ خواجہ ساجد محمود نے شعبہ ٹیکس کے اہلکاروں چوہدری کرامت علی ،شاہد حسین سلہریا اور اشرف چوہان کو ایک ہنگامی اجلاس میں خصوصی ٹاسک دیا ہے کہ شہری حدود میں آوارہ جانوروں کو فی الفور پھاٹک میں بند کر دیا جائے اور مقررہ تاریخ تک جانوروں کے مالکان کی طرف سے جرمانہ ادا نہ کرنے کی صور ت میں نیلام عام کر دیا جائے ۔

(جاری ہے)

ملازمین بلدیہ نے اس کارروائی کے ضمن میں حائل رکاوٹوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”سفارشی لوگ “ مسلسل روڑے اٹکار ہے ہیں ایڈمنسٹریٹر نے یقین دلایا اور آوارہ جانوروں کے حوالہ سے کسی سفارش یا ناجائز اثر و رسوخ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا ان آوارہ جانوروں کی وجہ سے کئی حادثات میں قیمتی جانیں بھی ضائع ہو چکی ہیں اور بتدریج شہری حدود میں بھینسوں کے باڑے بھی باہر منتقل کر دیئے جائیں گے ۔