دو سال کی پرورش کے بعد کتے ، کتے نہ نکلے

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی ہفتہ 4 جولائی 2015 12:33

دو سال کی پرورش کے بعد کتے ، کتے نہ نکلے

چین (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4جولائی2015ء)جنوب مغربی چین کے صوبے یوننان کی ماگوان کاؤنٹی میں ایک شخص وانگ کایو نے دو سال پہلے کتے کے پلے خریدے۔دو سال کی پرورش کے بعد پتہ چلا کہ یہ کتے نہیں سیاہ ریچھ ہیں۔وانگ کایو کے پالے ہوئے سیاہ ایشیائی ریچھ Ursus thibetanus کو چین میں تحفظ حاصل ہے۔ انہیں پالنے کے لیے باقاعدہ لائسنس لینا پڑتا ہے۔وانگ نے یہ ریچھ دوران سفر خریدے تھے، بیچنے والے نے انہیں کتے کے پلے کہہ کر ہی فروخت کیا تھا۔

(جاری ہے)

دو سال بعد وانگ کو ان کے ریچھ ہونے کا تب پتہ چلا جب مقامی وائلڈ لائف اور جنگلات کے محکمے نے اسے پروموشنل نوٹس بھیجا۔ اس پر وانگ نے حکام سے رابطہ کرنے کافیصلہ کیا۔ اسے ڈر تھا کہ کہیں حکام اسے جانوروں کی سمگلنگ کے الزام میں جیل نہ بھیج دیں۔ وانگ نے جنگلی جانوروں کے تحفظ کے مرکز میں فون کیا اور انہیں پوری بات بتائی۔ جانوروں کے مرکزسے افسران آ کر دونوں ریچھوں کو لے گئے۔ یہ ایک نر اور مادہ ریچھ ہیں اور دونوں ہی صحت مند ہیں۔حکام نے وانگ کی ایمانداری کی تعریف کی ہے جبکہ وانگ اسی بات پر خوش ہے کہ اسے سمگلر سمجھ کر جیل نہیں بھیجا گیا۔