لندن پولیس کی دستاویزات سے میرا کوئی تعلق نہیں، اپنے سیکیورٹی خدشات سے لندن پولیس کو آگاہ کر چکا ہوں، خالد مقبول صدیقی کا میرے بارے بیان افسوسناک ہے، سرفراز مرچنٹ کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 3 جولائی 2015 23:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 جولائی۔2015ء) منی لانڈرنگ کیس میں ملوث کراچی کے تاجر سرفراز مرچنٹ نے کہا ہے کہ لندن پولیس کی دستاویزات سے میرا کوئی تعلق نہیں، لندن پولیس کی فائنڈنگ میرے لئے بھی تعجب کا باعث ہے، اپنے سیکیورٹی خدشات سے لندن پولیس کو آگاہ کر چکا ہوں، خالد مقبول صدیقی کا میرے بارے بیان افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ایم کیو ایم کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا، ایم کیو ایم کے دو رہنماؤں کی جانب سے پیپر لیک کیا گیا ہے جو لندن پولیس کی تفتیشی دستاویز ہے لیکن میرا پولیس کی اس دستاویز سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ لندن پولیس کی فائنڈنگ میرے لئے تعجب کا باعث ہے اور خالد مقبول صدیقی کا میرے بارے بیان افسوسناک ہے، میں نے سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے لندن پولیس کو آگاہ کر دیا ہے، انہیں بتایا ہے کہ پاکستان میں بھی میری فیملی کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں۔