روزہ صرف کسی رسم کا یا بھوکے پیاسے رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس سے اپنے اندر تقویٰ پیدا کرنا مقصد ہے، اسد اﷲ بھٹو

تقویٰ کا مقصد اﷲ سے ڈرنا اور اس کا حکم ماننا ہے لہٰذا ہر معاملے میں تقوی روزے کا مقصد ہے، حسین محنتی

جمعہ 3 جولائی 2015 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) باران گوٹھ میں دعوت افطار سے اسد اﷲ بھٹو، محمد حسین محنتی، یونس بارائی، نصیر حسینی، محمد خان باران اور دیگر نے خطاب کیا۔ باران برادری نے اس موقع پر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اسد اﷲ بھٹو نے اپنے خطاب میں رمضان کی فضیلت اور روزے کا مقصد بیان کیا اور کہا کہ روزہ صرف کسی رسم کا یا بھوکے پیاسے رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس سے اپنے اندر تقویٰ پیدا کرنا مقصد ہے۔

تقویٰ کا مقصد اﷲ سے ڈرنا اور اس کا حکم ماننا ہے لہٰذا ہر معاملے میں تقوی روزے کا مقصد ہے۔ باران برادری کی شمولیت پر بھٹو صاحب نے خوش آمدید کہا اور باران گوٹھ کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔محمد خان باران نے جماعت اسلامی کی خدمات کو سراہا اور الیکشن میں حمایت کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

آخر میں نصیر حسینی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ دنیا کا ہر انسان خسارے میں ہے۔ سوائے ان کے جو ایمان لائے اور عمل صالح کرتے ہیں اور رمضان نیک عمل کرنے کیلئے بہترین ماحول فراہم کرتا ہے۔ رمضان اﷲ کی حاکمیت قائم کرنے کا درس دیتا ہے۔ نبیﷺ نے مدینے میں اسلامی ریاست رمضان کے مہینے میں قائم کی۔ جماعت اسلامی بھی ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ کرنا چاہتی ہے۔ جماعت اسلامی امانت و دیانت کے ساتھ ملک اور شہر کے عوام کی خدمت کررہی ہے۔

باران برادری کی جماعت اسلامی کی حمایت ہمارے لئے تقویت کا باعث بنے گی۔یونس بارائی نے خطاب میں کہا کہ اﷲ کی زمین پر اﷲ کا نظام قائم کرنا جماعت اسلامی کا نصب العین ہے۔ ہم ملک میں اسلامی نظام قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ہم نے کراچی کی خدمت کی ہے۔ نعمت اﷲ خان صاحب نے کراچی کو روشنیوں کا شہر بنایا اور ترقیاتی کام کرائے۔ ہمیں امید ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام ایک بار پھر جماعت اسلامی کو منتخب کریں گے۔