ملیر زون کے 3 تھانوں میں سندھ پولیس سے برطرف اہلکار ایس ایچ او تعینات ہیں،اسپیشل برانچ کی رپورٹ

جمعہ 3 جولائی 2015 22:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) کراچی میں اسپیشل برانچ نے سندھ پولیس کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔ ملیر اور گڈاپ میں نوکری سے برطرف 3 انسپکٹر اور ایک کانسٹیبل ایس ایچ او کی کرسی پر بیٹھے ہیں۔اسپیشل برانچ کی پیش کی گئی رپورٹ نے بہت سے انکشافات کیے ہیں۔لیکن سندھ پولیس کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق ملیر زون کے 3 تھانوں میں سندھ پولیس سے برطرف اہلکار ایس ایچ او تعینات ہیں۔

ریتی بجری بیچنے،کرپشن کے الزامات پر انسپکٹر اظہر اقبال کو سندھ پولیس سے برطرف کیا گیا،مگر وہ ایس ایچ او بن قاسم تعینات ہیں۔180 دن ڈیوٹی پر غیرحاضر رہنے پر برطرف ہونے والے فصیح الزماں ایس ایچ او سہراب گوٹھ تعینات ہیں ۔برطرف انسپکٹر امان اﷲ مروت ایس ایچ او قائدآباد بنے بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق امان اﷲ مروت کو شہریوں کو غیرقانونی حراست میں رکھنے اور رشوت لینے پر برطرف کیا گیا تھا۔

کانسٹیبل رینک پر ہونے کے باوجود محمد ارشد ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن تعینات ہیں۔ایس ایچ او سائٹ سپرہائی وے انڈسٹریز رانا حسیب کئی غیرقانونی کاموں میں ملوث ہیں۔زمینوں پر قبضے، ایرانی پیٹرول کی فروخت میں رانا حسیب اہم کردار ادا کررہے ہیں۔میمن گوٹھ ایس ایچ او جان محمد منشیات اور جوئے کے اڈوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔ایس ایچ او گڈاپ سٹی خان نواز شراب خانوں سے رشوت لیتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق انسپکٹر خان نواز علاقے میں منشیات اور ریتی بجری بھی فروخت کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :