کراچی سمیت صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے ، بلاول بھٹو زرداری

جو افسران ان منصوبوں کی تکمیل میں تاخیری حربے یا رکاوٹ بن رہے ہیں، ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے،منصوبوں کی نگرانی صوبائی وزراء، مشیران اور اراکین اسمبلی کریں، بلاول ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 3 جولائی 2015 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ کراچی سمیت صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ جو افسران ان منصوبوں کی تکمیل میں تاخیری حربے یا رکاوٹ بن رہے ہیں، ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔

منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ منصوبوں کی نگرانی صوبائی وزراء، مشیران اور اراکین اسمبلی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بلاول ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزراء سید مراد علی شاہ، شرجیل انعام میمن، ممتاز جاکھرانی سمیت دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبے کی مجموعی صورت حال سمیت ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وفاق کے تعاون سے کراچی میں جاری کے فور، ایس تھری، گرین لائن بس منصوبے سمیت دیگر منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے مالی امور، بجلی کے واجبات اور دیگر مالیاتی مسائل کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ہدایت کی کہ کراچی میں پانی، سیوریج اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اندرون سندھ میں پینے کے پانی کی فراہمی اور انفرااسٹرکچر کے منصوبے شروع کئے جائیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ صوبے میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے رابطوں کو تیز کیا جائے اور عوامی نوعیت کے منصوبوں میں نجی شعبے کو بھی شامل کیا جائے اور منصوبوں کی مانیٹرنگ کے لئے مکینزم تشکیل دیا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وزراء اور ارکان اسمبلی عوام سے رابطوں میں رہیں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اندرون سندھ کا بھی جلد دورہ کریں گے اور سندھ حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔