بلاول بھٹو بہت جلد پنجاب کا تفصیلی دورہ کریں گے اور کارکنوں سے ملاقات کریں گے،میاں منظور وٹو

جمعہ 3 جولائی 2015 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہاہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو بہت جلد پنجاب کا تفصیلی دورہ کریں گے اور خاص طور پر کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔میاں منظور احمد وٹو نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی پنجاب سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں سے کراچی میں گفتگو کر تے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اوروہ قومی معاملات میں عوام کے مسائل کے لیے بھرپور انداز میں اپوزیشن کا کردار ادا کرے اور اسکے لیے ضروری ہو تو اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے کرشامل کرے۔

منظور وٹو نے مزید کہا کہ چیئرمین بہت جلد پنجاب کا تفصیلی دورہ کریں گے اور خاص طور پر کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے فیملی ممبر کے پاس جو پارٹی کے عہدے ہیں و ہ انکی صدارت سے پہلے پارٹی ہائی کمان نے ان کو دیئے تھے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ سے اشرف خاں سوہنا کے پارٹی چھوڑنے کے بعد پارٹی کی تمام اضلاع، تحصیلوں اور شہری علاقوں سے کارکن شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹوکے مشن کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کی کارکردگی کافی بہتر ہے جسکا ثبوت یہ ہے کہ اوکاڑہ ، ننکانہ صاحب اور منڈی بہاؤالدین میں جو ضمنی انتخابات ہوئے ہیں ان میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی 2013کے انتخابات کے مقابلے میں بتدرجہ بہتر تھی۔