مری کی ترقی اور اس کی شان و شوکت کی بحالی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت مری کے حسن کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، شہرمیں مناسب، جراثیم اور آلودگی سے پاک پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے

وزیراعظم نوازشریف کی مری میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران ہدایت مری میں 6بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں دیگر چار کی جلد تکمیل کیلئے تیزی سے کام جاری ہے، مری میں پانی کی فراہمی بڑ ھانے کے بعد اب یہ مجموعی طور پر 19لاکھ گیلنز روزانہ تک پہنچ گئی ہے ، اجلاس کو بریفنگ اجلاس میں کارکیبلز ، مجوزہ اسلام آباد ، مری، مظفر آباد ریلوے لائن کے روٹس،برازیلین ایمبیسی سائٹ کی ترقی اور مال روڈکی خوبصورتی سمیت دیگر منصوبوں بارے بریفنگ

جمعہ 3 جولائی 2015 22:47

مری (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف نے مری میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کے معیار پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مری کی ترقی اور اس کی شان و شوکت کی بحالی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت مری کی کھوئی ہوئی خوبصورتی کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، مری میں مناسب، جراثیم اور آلودگی سے پاک پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تمام سکیموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔

وہ جمعہ کو یہاں مری میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس صدارت کررہے تھے جس میں مری کے ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کو بتایا گیا کہ مری میں 6بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق دیگر چار منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے تیزی سے کام جاری ہے،اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے منصوبوں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں، ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کام کی رفتار تیز کی جائے تا کہ مری کے لوگوں اور ملک بھر سے آنے والے سیاح ملک کے اس خوبصورت سیاحتی مقام پرمیسر سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے منصوبوں پر اچھے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پرانے مری کی بحالی اپ گریڈیشن اور ترقی کے حوالے سے کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مری کی کھوئی ہوئی خوبصورتی کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام سکیموں کو مقررہ وقت کے ٹائم فریم کے اندر مکمل کیا جائے اور مقامی لوگوں کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ فائدہ دیا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 6 منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں جن میں میں جنرل بس سٹینڈ کو بہتر بنانا، نکاسی آب اور فضلے کو ٹھکانے لگانے کے نظام کو جدید خطوط پر استوارکرنا، شاہراہوں کی بحالی،بانسرہ گلی فورسٹ پارک، پانی کی فراہمی کی سکیمیں اورتجاوزات کے خلاف مہم شامل ہیں۔جبکہ جاری منصوبوں میں جی پی او کی اصل بحالی، مری آرٹ کونسل سینما اور ٹریفک کے نظام میں بہتری اور باغبانی اور خوبصورتی کے منصوبے شامل ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مری میں پانی کی فراہمی کو ساڑھے چھ لاکھ گیلنز روزانہ تک بڑھا دیا گیا ہے، اب یہ سپلائی مجموعی طور پر 19لاکھ گیلنز تک پہنچ گئی ہے، شہر میں پانی میٹر کا سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے، پانی کی لائنوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، جس سے لیکج اور پانی کی چوری ختم ہو گئی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہر میں مناسب، جراثیم اور آلودگی سے پاک پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم کو بلک واٹر سپلائی سکیم کے بارے میں بھی بتایا گیا، جس کا مقصد 2025 کے ویژن کے مطابق شہر کی پانی کی ضروریات پوری کرنا ہے، اس کے تحت مری کے پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پمپ کے ذریعے دریائے جہلم سے پانی لایا جائے گا۔ اجلاس کو مجوزہ اسلام آباد، مری، مظفرآباد ریلوے لائن اور اس کے ممکنہ روٹس کے حوالے سے بھی بتایا گیا، ریلوے لائن اسٹریٹیجک اہمیت کی حامل ہو گی، جس کے ذریعے پاکستان اور آزاد کشمیر کو منسلک کیا جائے گا،بریفنگ میں وزیراعظم کومری میں مجوزہ کیبل کارکے تین روٹس کی حیثیت کے حوالے سے بھی بتایا گیا، جسے مری شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور لوگ اسٹیشنوں پر کیبل کار کے ذریعے شہر میں سفر کریں گے۔

بریفنگ میں مال روڈ پر برازیلین ایمبیسی سائٹ کی ترقی کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں بھی بتایا گیا جبکہ مال روڈ کو خوبصورت بنانے اور اس کی اپ گریڈیشن کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ہدایت دی کہ منصوبوں میں کوالٹی اور معیارات کا خیال رکھا جائے اور یہ اعلیٰ سطح کی ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقے کی ماحولیاتی ضروریات کے مطابق ان منصوبوں کی تعمیر کی جائے۔

سیکرٹریٹ ریلوے نے وزیراعظم نواز شریف کو گوجرانوالہ ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ، وزیر اعظم کے معاون برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی، صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور، چیئرمین مری ڈویلپمنٹ سٹیئرنگ کمیٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے حمزہ شہباز شریف اور وفاقی و پنجاب حکومت کے سینئر حکام نے شرکت کی۔