علمائے امت کی وحدت کیلئے کردار ادا کریں ،امت مسلمہ کے موجودہ مسائل کا حل اتحاد و اتفاق اور تعلیم کے فروغ میں ہے ،مسلمانوں کے باہمی اختلافات کا فائدہ اسلام دشمن قوتیں اٹھا رہی ہیں ، ان سازشوں کا مقابلہ اتحاد کی قوت سے ہی ممکن ہے رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹری عبداﷲ عبدالمحسن الترکی کی مولانا حنیف جالندھری سے گفتگو

جمعہ 3 جولائی 2015 22:38

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) عالم اسلام کے عظیم رہنمااور رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹری عبداﷲ عبدالمحسن الترکی نے کہاہے کہ علمائے کرام امت کی وحدت کے لئے کردار ادا کریں ،امت مسلمہ کے موجودہ مسائل کا حل اتحاد و اتفاق اور تعلیم کے فروغ میں ہے ،مسلمانوں کے باہمی اختلافات کا فائدہ اسلام دشمن قوتیں اٹھا رہی ہیں ،جنکی سازشوں کا مقابلہ اتحاد کی قوت سے ہی ممکن ہے ،معاشرے میں دینی اقدار کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔

وہ جمعہ کو وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ جن مسائل سے دوچار ہے اس کی بڑی وجہ ہمارا باہمی انتشار و افتراق ہے ،ہم نے اپنے آپ کو چھوٹے چھوٹے فرقوں میں تقسیم کر رکھا ہے ،انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے عظیم مقاصد کو مد نظر رکھتے ہوئے آپس کے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں ،اور اسلام کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو اتحاد کی قوت سے جواب دیں ،عبداﷲ عبدالمحسن الترکی نے کہا کہ موجودہ حالات میں علمائے کرام اور امت کے پڑھے لکھے افراد پر بہت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ علم کی روشنی پھیلانے اور امت مسلمہ میں اتحاد واتفاق پیدا کرنے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں ،ملاقات کے دوران وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے رابطہ عالم اسلامی کی گراں قدر خدمات پر عبداﷲ عبدالمحسن الترکی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ،اس موقع پر امت مسلمہ کی وحدت اور تعلیم کے فروغ کے لئے رابطہ عالم اسلامی اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مابین مشترکہ جدوجہد پر بھی اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :