چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں، چینی کا وافر سٹا ک موجود ہے ، یہ اگلے سال کی ابتدا تک ملکی ضروریا ت کیلئے کافی ہے

وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیرکاچینی کی قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 3 جولائی 2015 22:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیرنے کہا ہے کہ ملک میں چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ملک میں چینی کا وافر سٹا ک موجود ہے جو اگلے سال کی ابتدا تک ملکی ضروریا ت کیلئے کافی ہے، جمعہ کووہ یہاں اقتصادی رابطہ کمیٹی کی ہدایت پرچینی کی قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ چینی کی سپلائی بہتر بنانے کیلئے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن سے نزدیکی رابطے میں ہیں جبکہ چینی کی مارکیٹ میں ترسیل میں تیزی آنے سے قیمتوں میں استحکام آئے گا۔اجلاس میں وزارت تجارت، وزارت صنعت وپیداواراورپاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران چینی کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہوا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کیلئے قطعاًقابل قبول نہیں،صارفین کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت ایسے اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے تحت روز مرہ استعما ل کی اشیا کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے۔پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نما ئندے نے بتا یا کہ ملک میں چینی کا 3.8ملین ٹن کا اسٹاک موجود ہے اور ملک میں چینی وافر مقدار میں موجود ہے۔ملک کے طول و عر ض میں چینی کی ترسیل میں بہتری لانے کیلئے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشنز سے مذاکرات اگلے ہفتے منعقد کئے جائیں گے