بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کا چناؤ وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کرے گی،مسلم لیگ(ن) سٹی اسلام آباد

امیدواروں کا انتخاب میرٹ،پارٹی وابستگی پر کیاجائے گا،قربانیاں دینے والوں کو پارٹی سپورٹ کرے گی،مشترکہ بیان

جمعہ 3 جولائی 2015 22:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) سٹی کے صدر راجہ عظمت جاوید ،جنرل سیکرٹری ایم ساجد عباسی اور سردار مہتاب نے کہاہے کہ وفاقی دارلحکومت میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کا چناؤ وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کرے گی، جس میں سربراہ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چودھری ہیں- ان کے علاوہ کسی کو اختیار نہیں ،بعض نام نہاد لیگی رہنما یہ تاثر دے رہے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے وہ ٹکٹیں تقسیم کریں گے اس سے بڑا جھوٹ اور مذاق پارٹی کیساتھ نہیں ہوسکتا- مسلم لیگی رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہاکہ بعض لیگی رہنما ذاتی مفاد،ذاتی سیاست کیلئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں،لیگی امیدوار ان کے دھوکہ میں نہ آئیں،امیدواروں کا انتخاب میرٹ،پارٹی وابستگی پر کیاجائے گا،قربانیاں دینے والوں کو پارٹی سپورٹ کرے گی- انہوں نے کہاکہ ذاتی سیاست اور مفاد کیلئے پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،ڈیڑھ اینٹ کی مسجد الگ نہ بنائی جائے- مسلم لیگی رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ پارٹی قیادت کے فیصلے کوتسلیم کرے- انہوں نے قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ پارٹی میں تفریق ڈالنے والوں کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کی جائے- انہوں نے کہاکہ پارٹی میں تقسیم ڈالنے اور اسے کمزور کرنے والوں کی گرفت ہونی چاہیے-