فردوس عاشق اعوان پیپلز پارٹی پنجاب کی نائب صدرکے عہدے سے مستعفی

صرف پارٹی عہدہ چھوڑا ہے پارٹی نہیں چھوڑرہی ،بلاول نئی ٹیم لائیں اس لیے مستعفی ہوئی ہوں ،زہر آلودہ چہروں سے بلال بھٹو کو بچانا ہے، بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 3 جولائی 2015 22:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی پنجاب کی نائب صدرکے عہدے سے اسعفیٰ دیدیا ہے ،سابق وفاقی وزیر اور پی پی پی پی رہنما فردوس عاشق اعوان کاکہنا ہے کہ انہوں نے صرف پارٹی کا عہدہ چھوڑا ہے پیپلزپارٹی نہیں چھوڑرہی ،بلاول نئی ٹیم لائیں اس لیے مستعفی ہوئی ہوں ،زہر آلودہ چہروں سے بلال بھٹو کو بچانا ہے،،ایک ہفتہ مقررکیا جائے جس میں پارٹی کے اندرصفائی کا کام کیا جائے ۔

پہلی دفعہ ایساہوا ہے کہ پیپلز پارٹی حکومت میں بھی ہے اور اپوزیشن میں بھی ،ہم صرف سندھ حکومت کو بچانے کی سیاست کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ سندھ کے عہدیدار سوچیں کہ انہیں سندھ کی سیاست کرنی ہے یا پارٹی کی؟۔وہ جمعہ کو بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر اور پی پی پی پی رہنما فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ پنجاب میں منظور وٹو اکیلے ذمے دار نہیں ،ہمارے دہرے معیار نے ہمیں تباہ کیا ،پہلی دفعہ ایساہواہے ہم حکومت میں بھی ہیں اوراپوزیشن میں بھی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوئی (ن)لیگ کی ذیلی تنظیم نہیں، پنجاب میں (ن)لیگ کی غنڈہ گردی جاری ہے اورپنجاب میں پیپلز پارٹی لا وارث ہے، (ن)لیگ کے مظالم کیخلاف محمدبن قاسم کی تلاش میں سندھ آئی ہوں۔پیپلز پارٹی سے محبت کرنیوالے پارٹی کی اس حالت سے خوش نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرہوں جانتی ہوں کونسی بیماری کا علاج سرجری سے ہوتا ہے،پیپلزپارٹی کوہومیوپیتھک گولیوں کی نہیں،سرجری کی ضرورت ہے،ایک ہفتہ مقررکیا جائے جس میں پارٹی کے اندرصفائی کا کام کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی کوتاہیوں کی سزا پوری پیپلز پارٹی کو کیوں دی جا رہی ہے ،ہم صرف سندھ حکومت بچانے کی سیاست کررہے ہیں لیکن ہمیں پیپلزپارٹی کوپھرسے عوامی جماعت بنانا ہے،انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری سے ملاقات کے دوران ان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے ۔ قبل ازیں سابق وفاقی وزیر اور پی پی پی پی رہنما فردوس عاشق اعوان نے جمعہ کو بلاول ہاوٴس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور انہیں پنجاب کی سیاسی صورتحال اور خصوصی طور پر سیالکوٹ کی صورتحال کے متعلق آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی پنجاب کی نائب صدرکے عہدے سے اسعفیٰ پیش کیا ، فردوس عاشق اعوان نے پارٹی چیئرمین کے سامنے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں حکومت نے گزشتہ پیپلزپارٹی کے دور کے منصوبوں میں کمی کردی ہے اور کچھ ختم کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری دوران وزارت سیالکوٹ میں دیہات کے لوگوں کی سہولت کے لیے ” شہید بے نظیربھٹو بس سروس“ منصوبہ شر وع کیا گیا تھا جو کہ نواز حکومت نے بند کرکے بسوں کو کباڑ خانہ کے حوالے کردیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے پی پی پی چیئرمین کو صوبائی و وفاقی حکومت کی طرف سے پنجاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف ہونے والی انتقامی کاروائیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنجاب میں پارٹی کو مزید فعال کیا جائے گا اور صوبے کے ہر جیالے کو ساتھ لیا جائے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کے پارٹی رہنماوٴں پر زور دیا کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار کریں۔