Live Updates

پروفیسر خالد محمود کو پرنسپل پی جی ایم آئی و لاہور جنرل ہسپتال تعینات کردیا گیا

اس اہم پوسٹ کیلئے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے امیدواروں سے خود انٹرویو کیے نئے پرنسپل کو پاکستان میں رعشہ، ، پٹھوں کے کھچاوٴ اور پارکنسن کے جدید طریقہ علاج ڈی بی ایس کے بانی ہونے کا اعزاز حاصل ہے

جمعہ 3 جولائی 2015 22:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) حکومت پنجاب نے پروفیسر آف نیورو سرجری ڈاکٹر خالد محمود کو پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ لاہور جنرل ہسپتال اور امیرالدین میڈیکل کالج تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔18جون کو پرنسپل کی آسامی خالی ہونے کے پیش نظر محکمہ صحت کی جانب سے ایک سے زائد امیدواروں کا پینل بنا کر سمری ایوان وزیر اعلی ارسال کی گئی۔

جس کے پیش نظر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اس اہم پوسٹ کے لیے امیدواروں سے خود انٹرویو کیے۔اور پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کو پرنسپل تعینات کرنے کی منظوری دے دی ۔ جس کے پیش نظر محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی پنجاب کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ۔پروفیسر خالد محمود کو پاکستان میں رعشہ، پٹھوں کے کھچاوٴ اور پارکنسن کے جدید طریقہ علاج ڈی بی ایس کے بانی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر خالد محمود پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور جنرل ہسپتال کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی ہیں اور انہوں نے 2014-15مالی سال کے دوران 7سو ملین کے فنڈز ختم کرکے صوبہ بھر میں صحت کے کسی منصوبہ پر زیادہ سے زیادہ رقم استعمال کرنے کی مثال قائم کی ہے جبکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں گزشتہ ماہ ایمرجنسی کے شعبے کا آغاز کا کریڈٹ بھی پروفیسر خالد محمود کو جاتا ہے۔

پروفیسر خالد محمود نے 1992ء میں رائل کالج آف سرجنز گلیسگو سے ایف آر سی ایس پاس کیا۔ انہوں نے 1998ء میں برطانیہ سے انٹرکالجیٹ بورڈ ان نیوروسرجری ایف آر سی ایس (ایس این) پاس کیا۔پروفیسر خالد محمود پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں واحد نیوروسرجن ہیں وہ برطانیہ میں کنسلٹنٹ کی پوسٹ پر کام کرنے کے اہل تھے مگر انہوں نے 1999ء میں پاکستان واپس آکر اہل وطن کی خدمت کو ترجیح دی۔ پروفیسر خالد محمود نے پنجاب میں نیورو سرجری کی بہت سی نئی تکنیکس متعارف کروائیں۔وہ لاہور جنرل ہسپتال میں 2005ء سے دکھی انسانیت کی خدمت کررہے ہیں پہلے وہ ایسوسی ایٹ پروفیسر آف نیورو سرجری تھے اور بعد ازاں پروفیسر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات