لاہور پریس کلب اورایل ڈبلیوایم سی کی صحافی کالونی میں صفائی آگاہی مہم‘ کلین اپ آپریشن کے بعد آگاہی و معلوماتی کیمپ

جمعہ 3 جولائی 2015 22:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) لاہور پریس کلب اور لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی ) کے زیرِ اہتمام صحافی کالونی ہربنس پورہ میں صفائی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا ، آگاہی کیمپ لگایا گیا اور بینر واک بھی کی گئی ۔ صفائی آگاہی مہم میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری افضال طالب، ممبر گورننگ باڈی شعیب عزیز، ایل ڈبلیو ایم سی کے آپریشن، مانیٹرنگ اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹس اور سینٹری ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مہم کے سلسلے میں عملہ و مشینری تعینات کر کے بڑے پیمانے پر کلین اپ آپریشن کیا گیا اور کھلے پلاٹوں میں پھینکے گئے کوڑاکرکٹ کو ٹھکانے لگایاگیا ، سڑکوں کی صفائی کی گئی اور واسا کی جانب سے سیوریج سسٹم صاف کیا گیا۔

(جاری ہے)

صفائی آپریشن کے بعد صحافی کالونی میں معلوماتی و آگاہی کیمپ لگا یا گیا اور مکینوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم، گردونواح کی صفائی اور صفائی برقرار رکھنے میں شہریوں کے کردار پر شعور بیدار کیا گیا۔

اس موقع پر صدر پریس کلب ارشد انصاری نے صفائی مہم کے حوالے سے سیکرٹری افضال طالب کی کاوشوں کو سراہا اور بتایا کہ واسا کی سیوریج اور ایل ڈبلیو ایم سی کی یہ مہم ایک ہفتہ تک جاری رہے گی اور کالونی سے کوڑا کرکٹ مکمل صاف کیا جائے گا ، کالونی کی تمام سڑکیں صاف کی جائیں گی اور سیوریج سسٹم مکمل صاف کر لیا جائے گا ، بہت جلد ایل ڈبلیو ایم سی سے صحافی کالونی کی صفائی کیلئے باقائدہ معاہدہ بھی کیا جائے گا، انہوں نے صفائی مہم میں تعاون کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کے مینجمنگ ڈائریکٹر خالد مجید اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔صفائی آگاہی مہم میں صحافی کالونی کے رہائشیوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور کلب عہدیداران کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔`

متعلقہ عنوان :