افغانستان کے سفیر جانان موسیٰ زئی کی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات

جمعہ 3 جولائی 2015 21:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاکستان میں افغانستان کے سفیر جانان موسیٰ زئی کی منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے ملاقات ۔ ملا قا ت میں دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر بات چیت ہوئی ۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان میں امن پورے خطے کی ضرورت ہے ۔

الائیڈ فورسز کی واپسی کے بعد خطے میں امن و خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کا سورج طلوع ہوگا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے افغان سفیر کو یقین دلایا کہ پاکستان کے عوام اپنے افغان بھائیوں سے بے پناہ محبت و عقیدت رکھتے ہیں ہمارے درمیان اسلام کا نہ مٹنے والا رشتہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کسی شخص پارٹی یا گروہ کے بجائے افغان عوام سے محبت و ہمدردی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہماری ہمدردیاں کسی فرد یا جماعت سے نہیں بلکہ افغانستان اور اس کے عوام کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے زور دیکر کہا کہ خطے کی اسلامی شناخت اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہ ماضی میں ہوا اور نہ آئندہ ہوسکے گا۔ افغان سفیر جانان موسیٰ زئی نے کہا کہ افغان حکومت سابق جہادی تنظیموں اور طالبان کے ساتھ گفتگو اور بات چیت کیلئے ہر وقت تیار ہے اور ہمارے دروازے سب فریقوں کیلئے کھلے ہیں ۔افغان حکومت چاہتی ہے کہ سب فریقین کے ساتھ ملاقات اور گفت و شنید ہوتاکہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے ۔ملاقات میں شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبد المالک ،حافظ ساجد انور ،محمد اصغر اور امیر العظیم بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :