وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر صدارت ساہیوال میں کول پاور پراجیکٹ کے حوالے سے اجلاس

ساہیوال میں 660میگا واٹ کے دو کول پاور پراجیکٹس لگائے جا رہے ہیں،ابتدائی ڈیزائن تیار کر لیا گیا ہے کراچی سے کوئلے کی ساہیوال تک ٹرانسپورٹیشن کیلئے ریلوے حکام کے سا تھ تمام امور طے پا چکے ہیں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر پیشرفت کا ہر 15دن بعد جائزہ لوں گا‘وزیراعلیٰ پنجاب کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 3 جولائی 2015 21:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا ا جلاس منعقد ہوا جس میں ساہیوال میں 1320میگا واٹ کے کول پاور پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا-وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے اجلاس میں خصوصی طو رپر شرکت کی -وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بجلی کی کمی پر قابو پانے کے لئے تیز رفتاری سے اقدامات کرر ہی ہے-ہوا، کوئلے ، ہائیڈل،سولر اور دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جا رہاہے- ساہیوال میں 660میگا واٹ کے دو کول پاور پراجیکٹس لگائے جا رہے ہیں- منصوبے سے مجموعی طو رپر 1320میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی -انہوں نے کہاکہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا ابتدائی ڈیزائن تیار کر لیا گیاہے -کراچی سے کوئلے کی ساہیوال تک ٹرانسپورٹیشن کیلئے ریلوے حکام کے سا تھ تمام امور طے پا چکے ہیں -انہوں نے کہا کہ منصوبے پر تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کو یقینی بناتے ہوئے شفافیت کے ساتھ عملدرآمد کیا جائے گا-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے تھرمل ا نجینئرنگ کے شعبہ میں پاکستانی نوجوانوں کو چین میں تربیت دلانے کا فیصلہ کیاہے-ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر پیشرفت کا ہر 15دن بعد جائزہ لوں گا-چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی، سیکرٹری توانائی، متعلقہ حکام اور ساہیول کول پاور پراجیکٹ کام کرنے والے چینی کمپنیوں کے کنسورشیم کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی -

متعلقہ عنوان :