سی ڈی اے انتظامیہ نے تمام ملازمین کیلئے عید بونس کی منظوری دے دی

جمعہ 3 جولائی 2015 21:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت سی ڈی اے انتظامیہ نے تمام ملازمین(سکیل نمبر01تا سکیل نمبر16نان گزیٹیڈ) کے لیے عید بونس کی منظوری دے دی جسکا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے تحت 14جولائی 2015کو تمام ملازمین کو عیدبونس ،ماہا نہ تنخواہ،20%سیکرٹریٹ الاؤنس کے بقایا جات کی پہلی قسط اور ریٹائرڑ ملازمین کو پنشن ادا کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی سی ڈی اے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور وہ مرکزی یونین آفس میں جمع ہو گئے اور اپنی بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن نے چیئرمین سی ڈی اے محمد معروف افضل ،ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد،قائم مقام چیئرمین و ممبر فنانس شیر بہادر ارباب اور سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے یقینا سی ڈی اے کے غریب ملازمین کی خوشیوں میں اضافہ ہو گا اور اس مہنگائی کے دور میں بہتر انداز میں اپنا مذہبی تہوار منا سکیں گے ،انھوں نے کہاکہ سی ڈی اے مزدور یونین نے ہمیشہ ملازمین کے حقوق کی جدوجہد کی اور اپنی افہام و تفہیم کی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے ہمیشہ انتظامیہ سے گفت و شنید کے ذریعے محنت کشوں کے جائز مطالبات کو منوایا ،بلدیاتی انتخابات کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے چوہدری محمد یسیٰن نے کہا کہ ہم آج بھی اپنے اس دوٹوک موقف پر قائم ہیں کہ بلدیاتی نظام کی آڑ میں سی ڈی اے کے محکمے اور محنت کشوں کی تقسیم کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور اپنے محنت کشوں کی مراعات کو قانونی تحفظ دلوانے کی خاطر کسی بھی قربانی سے سی ڈی اے مزدور یونین دریغ نہیں کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :