Live Updates

عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کا آئندہ لاہور میں پارٹی کی انتخابی مہم میں شریک ہونے کا اعلان

عمران خان کی ملک بھر میں پذیرائی سے متاثر ہوں ،دھاندلی کی تحقیقات کا منطقی نتیجہ ضروری ہے ‘ ریحام خان زندہ دلان لاہور تحریک انصاف کا ناقابل تسخیر قلعہ ہیں، عبدالعلیم خان، میاں اسلم اقبال اور شعیب صدیقی کا خطاب

جمعہ 3 جولائی 2015 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ وہ آئندہ لاہور میں پارٹی کی انتخابی مہم میں شریک ہونگی ، لاہور شہر میر ا سسرال ہے اور میں اس شہر کو وقت دو نگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ملک بھر میں ملنے والی پذیرائی لائق ستائش ہے عوام ان سے ان علاقوں میں بھی پیار کرتے ہیں جہا ں نہ انکا گھر ہے اور نہ ہی وہ انکی زبان بولتے ہیں، سوال یہ ہے کہ دوسرے صوبوں اور شہروں سے کامیاب ہونے والے عمران خان کو انکے اپنے گھر سے کیسے ہرایا جاسکتا ہے؟ وہ جمعہ کو لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122اور پی پی 147اور 148کے پارٹی کارکنوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں ۔

ریحام خان نے کہا کہ عوام کی آنکھوں میں اُمید کی چمک ثابت کرتی ہے کہ تبدیلی آچکی ہے چونکہ اب انکا قائد عمران خان جیسا بے باک، نڈر اور سچ بولنے والا ہے جو ہمیشہ عوام کے بارے میں سوچتاہے ریحام خان نے کہا کہ جوڈیشل کمشن کے فیصلے سے حالات بدلینگے اور جھوٹے اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات ملے گی جو ہماری غلطیوں اور کوتاہیوں کے باعث ہم پرمسلط ہوئے ہیں انہوں نے این اے 122سے تحریک انصاف کے کارکنوں کی عبدالعلیم خان کی قیادت میں کی جانے والی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب اس حلقے میں خود گھر گھر جائینگی اور اپنی بہنوں کے ساتھ پارٹی کی کامیابی کے لیے کام کرینگی ۔

(جاری ہے)

ریحام خان نے دھاندلی کی تحقیقات میں این اے 122کے حوالے سے شعیب صدیقی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بھی روزانہ کی بنیاد پر دھاندلی کیس پر کام کررہے ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہاکہ اہل لاہور نے این اے 122میں عمران خا ن کو بھرپور کامیا بی دلائی ہے اگر کسی کو شک ہے تو آج بھی ایک طرف سے نواز شریف کااور دوسری طرف سے عمران خان کا جلوس آجائے عوام خود فیصلہ کرلینگے کہ اکثریت کس کے ساتھ ہے انہوں نے ریحام خان کو لاہور میں خوش آمدید کہتے ہوئے یقین دلایا کہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف لاہور سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی عبدالعلیم خان نے پی پی 147میں شعیب صدیقی اور پی پی 148میں میاں اسلم اقبال کی پارٹی کے لیے خدمات کو سراہا اور این اے 122کی ٹیم کی کارکردگی کو مجموعی کامیابی قرار دیا شعیب صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی پی 147سے پارٹی کارکنوں بالخصوص خواتین نے دھرنے اور لانگ مارچ میں تاریخی کردار ادا کیا۔

پی پی 148سے ایم پی اے میاں اسلم اقبال نے پی ٹی آئی لاہور کی تنظیم کے سابق صدر عبدالعلیم خان کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مینار پاکستان پر تین کامیاب جلسوں ، لانگ مارچ، دھرنااور شٹ ڈاؤن جیسے مواقع پر عبدالعلیم خان نے جن صلاحیتوں کا اظہار کیا ہم سب انکے معترف ہیں ، اس موقع پر پی پی 148سے میاں نعیم ، محمد اظہر ، مدثر چوہدری ، عفیف صدیقی نے بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں کے ہمراہ شرکت کی جبکہ پی پی 147سے طاہر الطاف، حافظ رضوان، باؤجاوید، جاوید یوسف، اکرام الحق، حمزہ بٹ، منیر آفتاب بھٹی ، خضر حمید، دلدار چوہان، رانا جاوید نے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ شرکت کی خواتین کی بڑی تعداد نے ریحام خان کا والہانہ استقبال کیا انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور انکے ساتھ تصویریں بناتی رہیں سٹیج پر ریحام خان کے ہمراہ مسرت جمشید چیمہ اور سارہ احمد موجود تھیں ۔

جبکہ پارٹی کارکنوں نے جذباتی انداز میں حکومت مخالف اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات